پنجاب میں ہر ایک منٹ میں 150 سے زائد وارداتیں ہونے کا انکشاف


لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب میں جرائم کی شرح تشویشناک حدتک بڑھ گئی . ہر منٹ میں 150 سے زائد وارداتیں ہو رہی ہیں .

ایک خفیہ رپورٹ کے مطابق جرائم کی شرح کے حوالے سے لاہور سرفہرست جبکہ گوجرانوالہ دوسرے، ملتان تیسرے نمبر پر ہے . پنجاب میں روزانہ 150 سے 200 گاڑیاں، 500 سے 600 موٹر سائیکل اور  تین  ہزار سے زائد موبائل فونز چھینے جا رہے ہیں .

سنہ 2020ءکے مقابلے میں 2021ء میں پنجاب میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 19 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت میں کرائم کی شرح میں 17 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جس سے محکمہ پولیس کی کارکردگی بہتر ہونے کے دعووں کا پول بھی کھل گیا ہے . گوجرانوالہ میں گینگ ریپ کی وارداتوں میں 85 فیصد اضافہ ہوا ہے .   گینگ ریپ کی وارداتوں میں لاہور میں 70 فیصد، ڈی جی خان میں 91 فیصد، راولپنڈی میں 18 فیصد اور سرگودھا میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے . اس کے ساتھ ساتھ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی وارداتوں میں گوجرانوالہ میں 34فیصد، سرگودھا میں 16فیصد، ملتان میں 29فیصد، فیصل آباد میں 07فیصد اضافہ ہوا ہے .

پولیس رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 31دسمبر 2021 تک 2020 کے مقابلے میں 25 ہزار کے قریب زیادہ وارداتیں ہوئی ہیں 2020 میں پنجاب میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 72 ہزار 678 وارداتیں ہوئی ہیں جبکہ 2021 تک وارداتوں کی تعداد 3لاکھ 95ہزار 973 تک پہنچ چکی تھی . 2020میں لاہور میں 84 ہزار 375 وارداتیں ہوئیں جبکہ 2021 تک 90 ہزار 701 وارداتیں ہوئیں اور مجموعی طور پر 6 ہزار 326 وارداتیں زیادہ ہوئی ہیں .

شیخوپورہ ریجن میں مجموعی طور پر وارداتوں میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے . سال 2020 کے دوران بھی لاہور سمیت صوبہ بھر میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں کمی نہ آسکی، قتل، تیزاب گردی اورتشدد سمیت دیگرواقعات میں تین ہزار سے زائد خواتین نشانہ بنیں . پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب بھر میں ایک  ہزار 211 خواتین قتل ہوئیں، 181 کو بد اخلاقی اور 45 کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا گیا . دفاتر اور دیگر مقامات پر ہراساں کرنے کے 3510 واقعات رپورٹ ہوئے، متعدد پرتیزاب پھینکا گیا . اسی طرح متفرق جرائم سمیت ،پراپرٹی اور سوشل کرائم کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے .

پنجاب پولیس کے فوکل پرسن ڈی آئی جی کامران عادل نے پنجاب بھر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کے بارے میں موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب پولیس کے سربراہ نے جرائم کی فری رجسٹریشن کا حکم دے رکھا ہے ،یہ حقیقت نہیں ہے کہ جرائم کی شرح بڑھی ہے البتہ بے روزگاری اورآبادی کے بڑھنے سے کچھ واقعات میں اضافہ ہوا ہے .

. .

متعلقہ خبریں