حکومت کیلئے ایک اور بُری خبرآگئی، وزیراعظم کیخلاف قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا

 

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کا ایک اور مرحلہ مکمل ہوگیا ، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن پر اراکین کے دستخطوں
کی تصدیق ہوگئی‘ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضابطہ کے مطابق قرار دے دی . میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن پر اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کا عمل مکمل ہوگیا ہے ، اس دوران ریکوزیشن اور تحریک عدم اعتماد پر کسی بھی رکن کے دستخط مشکوک یا رول آف سائن کے خلاف نہیں نکلے ، جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ضابطہ کے مطابق قرار دے دی ہے .

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی شعبہ قانون سازی نے تمام ضوابط پورے کرنے کے بعد فائل اسپیکر کو بھجوا دی ہے اور ساتھ ہی اسپیکر قومی اسمبلی کو 22 مارچ سے قبل کسی بھی دن اجلاس بلانے کی تجویزدے دی گئی ہے . دوسری طرف اتحادیوں کی بے رخی اور پارٹی میں گروپ بندی پر عمران خان نے سینئر قیادت کو مشاورت کیلئے بنی گالہ طلب کرلیا ، اس مشاورتی اجلاس میں پرویز خٹک ، علی زیدی ، فواد چوہدری اور شفقت محمود شرکت کریں گے ، جس میں سینئر قیادت گزشتہ روز اسپیکر سےہونے والی ملاقات سے وزیراعظم کو آگاہ کرے گی ، جب کہ اس اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی حتمی منظوری دیے جانے کا بھی امکان ہے . علاوہ ازیں تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان آج ایک اور جلسہ کریں گے ، پی ٹی آئی کی جانب ے شروع کی گئی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں آج چوتھا جلسہ ہوگا ، اس سلسلے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف حافظ آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جہاں وزیراعظم عمران خان جلسہ عام سے خطاب کریں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی جلسے سے خطاب کریں گے .

. .

متعلقہ خبریں