بھارت نے سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان پر میزائل داغا، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے پاکستانی حدود میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈے پاک بھارت تعلقات میں مزید کشیدگی کا باعث بن رہے ہیں . حالیہ بھارتی میزائل بارے بھارتی وضاحت کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے میزائل حادثاتی طور پر فائرہواقابل قبول نہیں .

یہ اتفاقی واقعہ نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت میزائل داغا گیا . انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بھارتی میزائل آبادی یا کسی حساس ایریا پر نہیں گرااور اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان فضائی حدود کی بھارتی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے اور بھارت کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہوگی . انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے جبکہ حالیہ واقعہ سے بھارتی افواج کی جانب سے غیر ذمہ داری اور بھارتی ٹیکنالوجی کی کمزوریاں ساری دنیا پر عیاں ہو گئی ہے جس سے کسی بھی وقت کسی بڑے المیے کا امکان ہے . انہوں نے کہا کہ بھارت خطے اور عالمی امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے جس سے بھارت کے پڑوسی ممالک کو شدید خطرات لاحق ہیں جبکہ واقعہ علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے بھارتی بے حسی کا عکاس ہے . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ اس واقعہ سے بھارت ا ور پاکستان کی فضائی حدود میں بڑی فضائی تباہی ہو سکتی تھی جبکہ زمین پر بھی نقصان کا خدشہ تھا . پاکستان ایک ذمہ دارملک ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اشتعال انگیزی سے کام نہیں لے گا جبکہ بھارت سے اس سلسلے میں جواب طلب کیا جائے گا . سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ پاک افواج وطن کے دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے پوری مستعد ہیں اوردشمنوں کی جانب سے کسی بھی ایڈونچر یاکارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمیشہ چوکس ہیں اور دشمن کی چالوں ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں . پاک افواج نے ماضی میں بھی سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی یا فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کو نہ صرف بروقت بے نقاب کیابلکہ منہ توڑ جواب بھی دیا ہے . انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی فوج اور سکیورٹی اداروں کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے . ہماری مسلح افواج آزمائش اور امتحان کی ہر گھڑی میں سرخرو ہوئی ہیں . ماضی میں انہوں نے اپنے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا اور آئندہ بھی ان سے بجاطور پر توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ اپنے وطن کی طرف ہر اٹھنے والی میلی آنکھ کو پھوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، پاک فوج ہماری سرحدوں کی محافظ اور امین ہے . پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے .

. .

متعلقہ خبریں