اگر طالبان نے پنجابیوں سے بیعت لی ہے تو اپنے آپ کو افغان نہ کہیں‎، افغان صدر اشرف غنی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ایک بار پھر پاکستان پر طالبان کی پشت پناہی کا الزام عائد کر دیا . انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئےکہا ہے کہ طالبان پنجاب کے کہنے پر افغانستان میں جنگ کو طول دے رہے ہیں .

افغان صدر نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ طالبان اگر ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو کسی نتیجے پر پہنچیں اور اگر آپ نے پنجابیوں اور دہشتگردوں سے بیعت لے لی ہے تو پھر خود کو افغان کہنا چھوڑ دیں . بی بی سی اردو کے مطابق صدر غنی نے اپنے خطاب میں طالبان پر الزام لگایا کہ اُنھوں نے اپنے دور میں صرف ایک آدمی کی وجہ سے پورے افغانستان کو جنگ میں دھکیلا . اُنھوں نے القاعدہ نیٹ ورک کے سربراہ اُسامہ بن لادن کا نام لیا اور طالبان سے پوچھا کہ ’کیوں آپ نے ایک آدمی کی خاطر پورے افغانستان کو برباد کیا ایک آدمی اہم تھا یا دو کروڑ 50 لاکھ افغان عوام؟‘صدر غنی نے اس خطاب میں پوچھا کہ طالبان کے سربراہ مُلا ہیبت اللہ کہاں اور کس غار میں ہیں اور وہ زندہ ہیں بھی یا نہیں . وہ کہتے ہیں کہ ’اگر وہ زندہ ہیں تو آئیں ہرات کے بازاروں میں گھومیں، مزار کی گلیوں میں گھومیں اور کابل میں گھومیں . ‘طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اور اُن کی دیگر قیادت نامعلوم مقام سے طالبان کی قیادت کر رہے ہیں . کئی افغان یہ دعویٰ کر رہے کہ طالبان کی قیادت پاکستان میں روپوش ہیں لیکن خود افغان طالبان کا دعویٰ ہے کہ اُن کی تمام قیادت افغانستان میں ہے لیکن سیکورٹی وجوہات کی بنا پر روپوش ہے . صدر غنی نے کہا کہ اگر طالبان کو عوام کا احترام ہے اور انتخابات میں حصہ لینا چاہیں تو وہ چھ ماہ یا ایک سال میں نئے انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں . انھوں نے زور دیا کہ افغانستان میں خونریزی کی اجازت نہیں دیں گے اور افغانوں کے ایک دوسرے کو مارنے کی کوئی اسلامی وجہ نہیں ہے . افغان صدر نے امریکہ اور طالبان کے درمیان دوحہ معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ طالبان نے اپنے قیدیوں کی رہائی میں کم از کم چالیس بڑے اور مشہور سمگلرز کو بھی رہا کرایا . انھوں نے طالبان پر الزام لگایا کہ وہ ملک میں مختلف صوبوں میں قدرتی معدنیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں . دوسری جانب افغانستان کے مختلف صوبوں میںلڑائی شدت اختیار کر گئی، طالبان نے داڑھی تراشنے سمیت کس کام سے روک دیا . غیر ملکی میڈیا اطلاعات کے مطابق حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اگر مدد نہ ملی تو ہلمند شہر حکومت کے کنٹرول سے نکل جائے گا جبکہ جھڑپوں نے ہرات کے مغربی علاقوں میں شدت اختیار کر لی ہے . مقامی میڈیا کے مطابق غزنی میں طالبان نے داڑھی تراشنے اور اسمارٹ فون کے استعمال سے منع کر دیا ہے . قبل ازیں طالبان افغانستان کے تین بڑے شہروں میں داخل ہو گئے اورن جنگجو ان شہروں کو سرکاری فورسز سے چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں . غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے تین بڑے شہروں میں طالبان کے حملے جاری ہیں،جنگجو افغانستان کے تین بڑے شہر ہرات، لشکر گاہ اور قندھار میں داخل ہو چکے ہیں . لشکر گاہ سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ عسکریت پسند گورنر ہائوس سے چند سو میٹر کی دوری پر تھے لیکن انھیں رات تک واپس دھکیل دیا گیا . یہ گذشتہ چند روز میں ان کی حملے کی دوسری کوشش تھی . افغان فورسز کے کمانڈر نے کہا کہ انھوں نے عسکریت پسندوں کو کافی حد تک جانی نقصان پہنچایا ہے . افغان رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ طالبان کے حملوں سے ہزاروں افغان بے گھر ہو چکے ہیں اور قندھار میں گزشتہ 20 سال کی بدترین لڑائی جاری ہے . ل احمد کمین نے کہا کہ صورتحال ہر گزرتے گھٹنے کے بعد بدتر ہوتی جا رہی ہے . انھوں نے بتایا کہ طالبان اب قندھار کو ایک اہم مرکز کے طور پر دیکھ رہے ہیں . ایک ایسا شہر جسے وہ اپنا عارضی دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں . گل کمین نے کہا کہ اگر یہ شہر ان کے قبضے میں چلا گیا تو اس سے خطے میں موجود پانچ سے چھ صوبے بھی ہاتھ سے نکل جائیں گے . اگر یہ گر گیا تو اس علاقے کے پانچ یا چھ دوسرے صوبے بھی قبضے سے نکل جائیں گے . ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طالبان جنگجو شہر کے مختلف اطراف میں موجود تھے اور وہاں بہت زیادہ شہری آبادی رہتی ہے . گل کمین نے کہاکہ اگر طالبان شہر کے اندر چلے گئے تو پھر وہاں حکومتی فوج کے لیے بھاری ہتھیاروں کا استعمال ممکن نہیں ہو گا . فغانستان کے مغربی شہر ہرات پر کنٹرول کے لیے طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان سخت لڑائی جاری ہے . طالبان کے خلاف لڑنے والوں میں صرف افغان فوجی نہیں بلکہ دیگر طالبان مخالف جنگجو بھی ہیں . ان جنگجوئوں کی قیادت اسماعیل خان نامی ایک بااثر مقامی کمانڈر کر رہے ہیں جنھیں مقامی طور پر امیر اسماعیل خان بھی کہا جاتا ہے . ہرات شہر افغانستان کے اہم صوبے ہرات کا دارالحکومت ہے جس کی ایک طویل سرحد ایران کے ساتھ لگتی ہے . یہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کے حوالے سے بھی نمایاں صوبہ ہے . ملک کے مغربی حصے میں واقع یہ صوبہ افغانستان کا ایک اہم تجارتی مرکز بھی ہے چنانچہ اس پر قبضہ ہونا طاقت کی ایک اہم علامت سمجھا جاتا ہے . ہرات کے گورنر عبدالصبور قانی کا کہنا تھاکہ زیادہ لڑائی انجیل اور گزارا کے علاقوں میں ہو رہی ہے جہاں ہوائی اڈہ بھی واقع ہے . انھوں نے کہاکہ اس وقت لڑائی جنوب اور جنوب مشرق میں ہو رہی ہے . ہم احتیاط کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تاکہ شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں . یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ٹامس نکلسن کے خیال میں صورتحال میں ابھی مزید بگاڑ پیدا ہو گا . انھوں نے بتایا کہ انھیں خدشہ ہے کہ طالبان اب ایک مرتبہ پھر امارتِ اسلامی کے قیام کے لیے کوشش کر رہے ہیں . اس کے علاوہ برطانوی افواج کے سابق سربراہ جنرل ڈیوڈ رچرڈز نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی انخلا سے افغان فوج کا مورال مکمل طور پر ختم ہو جائے گا اور طالبان ملک کا کنٹرول سنبھال لیں گے . امدادی تنظیموں نے خبردار کیا کہ آنے والے مہینوں میں اس جنگ کی وجہ سے غذا، پانی اور سہولیات کا بڑا بحران پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے . طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے صوبہ نورستان میں آنے والے شدید سیلاب کے بعد امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے . . .

متعلقہ خبریں