کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 97 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا . پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں ہدف کے تعاقب کیلئے بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں ہوا اور محض 2 رنز پر پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ امام الحق 1 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، انہیں آسٹریلوی آف سپنر نتھن لیون نے پویلین کی راہ دکھائی ، اس کے بعد اظہرعلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور محض 6 رنز بناکر کیمرون گرین کا شکار بن گئے ، 21 کے مجموعے پر 2 وکٹیں گنوانے کے بعد بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے171 رنز جوڑے ، جس کی بدولت پاکستان نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں کے نقصان پر192 رنز بنا لیے ، کپتان بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں .
اس سنچری کے ساتھ ہی بابر اعظم بطور کپتان چوتھی اننگز میں سنچری سکور کرنے والے دوسرے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں ، ان سے پہلے یونس خان نے 2007ء میں کوکلکتہ ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف ناٹ آئوٹ 107 رنز سکور کیے تھے . بابر اعظم بطور کپتان تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے دنیا کے محض تیسرے بلے باز بھی ہیں، ان کے علاوہ تلکارتنے دلشان ، فاف ڈو پلیسی اور ہیتھر نائٹ نے یہ کارنامہ سر انجام دے رکھا ہے .
اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنس لابوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو چوتھے دن کے ابتداء میں ہی مہمان ٹیم کو 97 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز بنانے والے مارنوس لابوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا ، مارنوس لابوشین کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا جس کے فوری بعد مہمان کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا .
آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے اور پاکستان کو یہ ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف ملا ہے ، پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، ٹیسٹ میں گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی .