کوئٹہ، اسلام آباد(قدرت روزنامہ) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ تمام اداروں کی ساکھ کی بحالی اور اداروں کے سربراہان پر عوام کا اعتماد مستحکم بنانے کی اشد ضرورت ہے. اس کیلئے تمام چھوٹے بڑے اداروں میں احساس ذمہ داری، شفافیت اور خوداحتسابی کی سچی بنیادوں کو یقینی بنا کر ہی ان کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جاسکتے ہیں . گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات باعثِ افسوس ہے کہ اکیسویں صدی میں بھی ہمارے اکثر اداروں کے کوائف اور اعداد وشمار کمپیوٹرائزڈ نہیں ہے اور بعض ادارے اپنے موجود اداروں سے بھی بےخبر ہیں .
ان خامیوں پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے کی ضرورت ہے . ٹیکنالوجی کی عدم دستیابی کے باعث ہماری مجموعی کارکردگی سست روی کا شکار ہے . ایک عام دفتر میں ادنیٰ سی فائل نکلنے میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں جس سے قیمتی وقت، توانائی اور سرمایہ وغیرہ ضائع ہوتا ہے اور عام آدمی طویل مایوسیوں کا شکار ہو جاتا ہے . گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دفتری کارکردگی میں تیزی لائی جائے اور لوگوں میں موجود بیگانگی اور احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے . انہوں نے اس بات یقین کا اظہار کیا کہ میرٹ کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی سے نوجوانوں میں نئی امید پیدا کی جا سکتی ہے .
. .