خام تیل کی قیمتیں پھر بےقابو، عالمی منڈی میں فی بیرل قیمت کہاں جاپہنچی؟ پیٹرول قیمتوں میں کمی کی اُمیدختم
نیویارک (قدرت روزنامہ) خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی امیدیں دم توڑ گئیں، عالمی مارکیٹ میں فی بیرل تیل کی قیمت پھر سے 100 ڈالرز کی سطح سے اوپر چلی گئی . تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے روسی کی تیل مصنوعات پر عائد
پابندیوں کے خاتمے کا کوئی امکان نظر نہ آنے کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں .
امریکا کی جانب سے روس پر عائد پابندیوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا، اسی باعث کئی روز بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا . دوران ٹریڈنگ برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت دوبارہ 100 ڈالرز کی سطح کو عبور کرتے ہوئے 101 ڈالرز ہو گئی . جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 95 ڈالرز کی سطح سے بڑھ کر 98 ڈالرز ہو گئی . واضح رہے کہ گزشتہ روز خام تیل کے دونوں بینچ مارک 28 فروری کے بعد کم تر سطح پر آگئے تھے . دونوں بینچ مارک 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد بڑھ گئے تھے جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 14 سال کی بلند ترین سطح پر چلی گئی تھیں . تجزیہ کاروں کی رائے میں یوکرین اور روس کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کے علاوہ ممکنہ طور پر چین میں نیا لاک ڈائون وہ بنیادی وجہ ہے جس سے خام تیل کے لیے منفی ہفتے کا آغاز ہوا . خیال رہے کہ امریکا اور برطانیہ نے گزشتہ ماہ روس کے تیل کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جو 2022 کے اختتام تک برقرار رہیں گی . اس تمام صورتحال میں برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کا رواں ہفتے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے سرکاری دورے کا امکان ہے . ذرائع کے مطابق برطانوی وزیر اعظم اماراتی اور سعودی قیادت سے تیل کی پیداوار بڑھانے اور تیل کی برآمدات کے لیے بات چیت کریں گے .
. .