اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی ہے .
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس آج منعقد ہوا جس میں قانونی ٹیم کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق بریفنگ دی گئی .
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا ہے کہ منحرف ارکان کو راضی کر لیں گے جس کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا گیا ہے .
وزیراعظم نے اجلاس میں بتایا ہے کہ حکومت کے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں جس کی وجہ سے پوزیشن کو تحریک عدم اعتماد پر ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا .
وزیراعظم نے آگاہ کیا ہے کہ حکومتی اتحادیوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور آگے بھی ملاقاتیں ہوتی رہیں گی .
اجلاس کے دوران شرکاء نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس بلا کر ارکان کی حاضری کا پتہ چل جائے گا .
شرکاء نے بتایا کہ کچھ ارکان کی مسنگ کا معلوم ہوا ہے اس کے متعلق پتہ لگالیا جائیگا اور ان کے نام بھی سامنے آجائیں گے .
دوران اجلاس یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے جس کے لئے وفاقی ایجنسیوں کو آگاہ کردیا گیا ہے .
متعلقہ اداروں کو کارروائی کے لیے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی اور ساتھ ہی وفاقی حکومت کی جانب سے جوابی ایکشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے .
خیال رہے کہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ارکان نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے .
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی ہال کی تزئین و آرائش اور مرمت تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور اجلاس بلانے کا نوٹیفیکیشن ایک دو دن میں جاری کردیا جائے گا جس کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے .
21 کو اجلاس کی صورت میں خیال زمان کے لیے فاتحہ خوانی ہوگی اور اجلاس ملتوی کردیا جائے گا، 22 تا 24 تک یوم پاکستان اور او آئی سی کانفرنس کی تعطیل ہوگی جس کے بعد 25 یا 26 کو دوبارہ اجلاس ہوگا دو یا تین دن بحث اور پھر ووٹنگ ہوگی .
. .