اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی انکم ٹیکس سے متعلق دو الگ الگ اپیلیں خارج کر دیں .
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایف بی آر کی اپیلوں پر کیس کی سماعت ہوئی .
دورانِ سماعت جسٹس قاضی فائز عیسی نے ایف بی آر کے وکلا اور حکام کی سرزنش کردی .
وکیل ایف بی آر اطاعت اعوان نے مؤقف میں کہا کہ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے مقدمہ سنا . رولز کے مطابق تین رکنی بینچ کو اپیل پر سماعت کرنی چاہیے .
جسٹس قاضی فائزعیسی نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ کب سے سپریم کورٹ کے وکیل بنے ہیں؟ کس رولز میں لکھا ہے تین رکنی بینچ سماعت کرے گا . آپ ایف بی آر کے وکیل ہیں، ایسی باتیں نہ کریں .
وکیل ایف بی آر نے کہا کہ ٹھیک ہے سر، جس پر جسٹس قاضی عیسی نے کہا کہ کیا ٹھیک ہے، مقدمہ نہیں چلانا تو چئیرمین ایف بی آر کو بلا لیتے ہیں . ایف بی آر آزاد ادارہ ہے لیکن اس کا کوئی پرسانِ حال نہیں .
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف بی آر کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر لگایا جا رہا یے . ایف بی آر کی جانب سے مقررہ نمائندہ سے بھی معاونت نہیں مل رہی . ایڈیشنل کمشنرعدالتی سوالات کا جواب نہ دے سکے .
جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ عدالتی حکم نامے کی کاپی چئیرمین ایف بی آر، ایف بی آر بورڈ کو بھیجی جائے . حکم نامہ کی نقل سیکریٹری خزانہ کو بھی بھیجی جائے . توقع ہے کہ ایف بی آر کے معاملات کو سنجیدگی سے لیے کر معاونت کی جائے گی .
سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی انکم ٹیکس سے متعلق دو الگ الگ اپیلیں خارج کردیں .
. .