تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں عمران خان کی طرف سے پنجاب حکومت بھی تحلیل کیے جانے کا خدشہ، اپوزیشن نے بھی جوابی حکمت عملی تیارکرلی
لاہور(قدرت روزنامہ ) تحریک انصاف کی حکومت ممکنہ طور پر منصوبہ بندی رکھتی ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا جاتا ہے تو وہ پنجاب کی صوبائی حکومت بھی ختم کر دے گی . حکومت کو اس اقدام سے روکنے کے لیے اپوزیشن جماعتیں پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے سرگرم ہو گئی ہیں."ڈیلی ڈان" کے مطابق ممکنہ طور پر 28مارچ سے قبل پنجاب اسمبلی میں یہ تحریک آ جائے گی .
اخبار نے مسلم لیگ( ن )کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ مسلم لیگ( ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر غوروخوض کر رہے ہیں اور رواں ماہ کے آخری ہفتے میں یہ تحریک پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی جائے گی . تحریک انصاف عمران خان کو ہٹائے جانے کے بعد آنے والی حکومت کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی کو گھر بھیجنے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے .
لیگی عہدیدار کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا مقصد پی ٹی آئی کو پنجاب اسمبلی ختم کرنے سے باز رکھنا ہے . روزنامہ "جنگ" نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے رہنماﺅں نے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا ہے جہاں سے تحریک عدم اعتماد کا طریقہ کار جاننے کے لیے معلومات لی جا رہی ہیں .
. .