وفاقی وزراء کے ترین گروپ سے رابطے، فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست

لاہور (قدرت روزنامہ) وفاقی وزراء کی جانب سے ترین گروپ سے رابطہ کیا گیا ہے جس میں ان سے فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے . ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے رات گئے اُن سے رابطہ کیا تھا .

عون چوہدری نے کہا کہ پرویز خٹک نے کہا کہ اہم فیصلے روک لیں، ہم جلد اہم پیش رفت سے آگاہ کریں گے .
پرویز خٹک نے ترین گروپ سے فوری طور پر انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کی . وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی ترین گروپ کے عون چوہدری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے . بتایا جا رہا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ میں شامل اراکین کی اکثریت نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی حمایت کردی . ذرائع کے مطابق لاہور میں جہانگیرترین گروپ کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا اور علا ج کیلئے لندن میں موجودجہانگیرترین نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی .

ترین گروپ نے جہانگیرترین کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ بھی دی جبکہ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا . مشاورتی اجلاس میں حمزہ شہباز اور چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کے بعد تمام تر معاملات کا جائزہ لیا گیا جبکہ ترین گروپ کی اکثریت نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی حمایت کی . ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ترین گروپ نے اجلاس میں کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومت کے ساتھ نہیں چل سکتے، مائنس بزدار اعلان پر قائم ہیں .
اجلاس میں ترین گروپ نے حتمی فیصلے کا اختیار جہانگیرترین کو دے دیا ہے . قبل ازیں جہانگیر ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا . گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے جہانگیر ترین سے ٹیلی فون پر رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی جہانگیر ترین سے بات نہیں ہوسکی . ذرائع کے مطابق ترین گروپ سے حکومت مخالف شخصیات کی ملاقاتیں جاری ہیں اور گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے . واضح رہے کہ جہانگیر ترین گروپ سے (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز بھی ملاقات کرچکے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں