اسلام آباد(قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ارکان قومی اسمبلی پر حملوں کو وزیراعظم عمران خان کی ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش قرار دیدیا . ایک بیان میں شہباز شریف
نے سندھ ہاؤس اور ارکان قومی اسمبلی کے گھروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہاؤس اور اپنے ہی ارکان اسمبلی پر حملے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی دلیل ہے .
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس اور ارکان قومی اسمبلی پر حملے اعتراف ہے کہ عمران نیازی ہار چکے ہیں، ارکان قومی اسمبلی پر حملے عمران نیازی کی ملک کو خانہ جنگی میں دھکیلنے کی سازش ہے . شہباز شریف نے کہا کہ ڈوبتی سیاست بچانے کے لیے عوام میں تصادم منفی، مجرمانہ اور غیر آئینی سوچ ہے، آئین اور جمہوری انداز میں مقابلہ کرنے کے بجائے پتھر برسانا، گیٹ توڑنا شکست کی نشانی ہے . قائد حزب اختلاف نے حکومت کو لاقانونیت سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کسی سیاسی رہنما، کارکن یا سرکاری عمارت کا نقصان ہوا تو عمران نیازی سے حساب لیں گے . خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اراکین قومی اسمبلی کی سرپرستی میں سندھ ہاؤس اسلام آباد پر دھاوا بولا تھا، پی ٹی آئی کے کارکن سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑ کر سندھ ہاؤس میں داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی .
. .