(قدرت روزنامہ)مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مجھے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر افسوس ہوا ہے .
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب مولانا طاہر اشرفی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس حزب اختلاف کے لئے بھی اتنا ہی باعث عزت ہے، جتنا حکومت کے لئے ہے .
انہوں نے کہا کہ او آئی سی میں ذوالفقارعلی بھٹو شہید کا بڑا کردار ہے، او آئی سی کو فعال کرنے کی ذوالفقارعلی بھٹو شہید کو قیمت بھی ادا کرنا پڑی، او آئی سی کے اجلاس کو روکنے کے لیے بھارت گزشتہ دو ماہ سے سازشیں کر رہا ہے .
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے بھارت کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے، او آئی سی کا اجلاس حزب اختلاف اور حکومت دونوں کا ہے، ہماری حزب اقتدار اور حزب اختلاف سے اپیل ہے کہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کی جائیں .
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب نے کہا ہے کہ مجھے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر افسوس ہوا ہے .
واضح رہے اس سے قبل اسلام آباد میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ اگر پیر تک اجلاس نہ بلایا گیا تو ہم ایوان میں دھرنا دیں گے .
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ دیکھتے ہیں آپ قومی اسمبلی ہال میں او آئی سی کانفرنس کیسے کرتےہیں، جب تک ہمارا حق نہیں دیا جاتا ہم بیٹھے رہیں گے، کوشش کی جارہی ہے کہ ارکان اپنا ووٹ استعمال نہ کریں، تاثر دیا جارہا ہے وہ نہیں کھیلے گا تو کوئی نہیں کھیلے گا .
پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ چاہتا ہے آئینی بحران پیدا ہو اور تیسری قوت کو موقع ملے، عمران خان نے شکست دیکھ کر غیرجمہوری عمل اختیار کیا، حکومت طاقت کے استعمال پر اتر آئی، پہلے پارلیمان پھر سندھ ہاؤس پر حملہ کیا گیا .
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آئیں مقابلہ کریں، عمران نیازی زندگی بھر کھلاڑی رہے، آخرمیں بال ٹیمپرنگ نہ کریں، ہم ذمہ داری کے ساتھ آج تک چل رہے ہیں، حکومت چاہتی ہے آئینی بحران پیدا ہو .
بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اسپیکر نے غیر جمہوری سوچ اپنائی تو ساری اپوزیشن کو مناؤں گا، اسپیکر پیر تک عدم اعتماد نہ لائے تو ایوان میں دھرنا دیں گے، دیکھتے ہیں آپ قومی اسمبلی ہال میں او آئی سی کانفرنس کیسے کرتے ہیں .
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عمران اکثریت کھو چکا ہے، عمران شکست دیکھ کر غیر جمہوریہ اپنا رہا ، جب تک ہمارا حق نہیں دیا جاتا ہم بیٹھے رہیں گے .
. .