اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی ٹیم سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا، کردارکرشی کررہی ہے اور يہ کوشش کررہے ہیں کہ ادارے نيوٹرل نہ رہيں .
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزيراعظم نے نيوٹرل کو جانور کہنے والے بيان پر معافی نہيں مانگی .
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پر بیرونی دباؤ اور کرپشن کی بات کررہے ہو، باقی باتیں چھوڑو ہمت ہے تو پارلیمان میں مقابلہ کرو، وزیراعظم تحریک عدم اعتماد سے بھاگ رہے ہیں .
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عوام خود آپ کو ووٹ دینے کیلئے تیار نہیں، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ عوام ممبر کو ووٹ نہ دینے پر سزادیں گے، عمران خان نے آئین توڑا،پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا،انہوں نے کہا کہ ایک ادارہ ہے جو ہمارے حقوق اور ووٹ کے تحفظ کیلئے تیار ہے، آئین کہتا ہے 14 دنوں کے اندر اجلاس بلایا جائے .
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اوآئی سی کانفرنس کشمیر پر نہیں بلکہ افغانستان پر ہورہی ہے، يہ او آئی سی کانفرنس طالبان کیلئے ہورہی ہے . وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ بھارتی خارجہ پالیسی اپنا رہے ہو، آپ کوٹاسک ملاکہ ملک کی خودمختاری پرحملہ کرو، عمران خان کاکام تھامشرف کے تھری پوائنٹ ایجنڈے پر کام کرے .
چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہ سمجھو آپ بھٹو بن سکتے ہو،نقل کیلئے عقل کی ضرورت ہوتی ہے، عمران خان نے خارجہ پالیسی کو فائدے کے بجائے نقصان پہچایا، آپ نے ریاست مدینہ کے نام پر تباہی مچائی ہے .