لاہور (قدرت روزنامہ) ترین گروپ نے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا . میڈیا رپورٹس کے مطابق ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمارا گروپ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے مطالبے پر قائم ہے اور گروپ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں شریک نہیں ہوگا .
عون چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس عثمان بزدار کی صدارت ہو گا جس کے باعث کوئی رکن اجلاس میں نہیں جائے گا .
ترین گروپ کے 17 ارکان اسمبلی نے تحفظات کی طویل فہرست حکومتی ٹیم کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن عثمان بزدار کو مائنس کرنا ہو گا . عون چوہدری کا جہانگیر ترین سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا جس میں انہیں تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا گیا .
. قبل ازیں بتایا گیا کہ وفاقی وزراء پرویز خٹک اور فواد چوہدری کی جانب سے ترین گروپ نے ’’سیز فائر‘‘کی درخواست مسترد کردی ، وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چودھری سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے کوئی بھی انتہائی قدم نہ اٹھانے کی درخواست کی، ٹیلی فونک رابطے میں گروپ اراکین کی ناراضی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی .
عون چودھری نے وزیردفاع پرویز خٹک کی جانب سے رابطے کی تصدیق کی، حکومت کی جانب سے ترین گروپ کے ارکان کو منانے کی کوششیں مکمل ناکام ہوچکی ہیں، اور پرویز خٹک اور فواد چوہدری کی جانب سے ترین گروپ کو کی گئی ’’سیز فائر‘‘کی درخواست مسترد کردی گئی،ذرائع نے بتایا کہ ترین گروپ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن کے خلاف کیے جانے والے اقدامات پر بھی برہم ہیں، اور جہانگیر ترین اپنے گروپ ارکان کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی فیصلے کر چکے ہیں، گروپ کی قیادت اور ارکان نے تحریک عدم اعتماد میں حکومت کا ساتھ نہ دینے کا حتمی فیصلہ برقرار رکھا ہے، اور فیصلہ کیا ہے کہ تمام ارکان آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں لیں گے .
. .