لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان یہ گیم ہار چکے اور اب کوئی بچانے نہیں آئے گا، نواز شریف نے باہر بیٹھ کر گھر میں گھس کر آپ کو مارا، ایک لفظ نیوٹرل سے آپ کی جماعت کا شیرازہ بکھر گیا، یہ حال تو ہم نے کسی تانگا پارٹی کا بھی نہیں دیکھا .
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ان کی گنتی کبھی پوری تھی ہی نہیں اور آپ چاہتے ہیں کوئی آپ کیلئے آپ کی گنتی پوری کرے، یہ گیم آپ ہار چکے اور کوئی بچانے نہیں آئے گا، ایک لفظ نیوٹرل نے ایک شخص کی ہوا نکال دی ہے اور آپ کی جماعت کا شیرازہ بکھر گیا اور وزیراعظم ہونے کے باوجود پوری پارٹی آپ کے ہاتھوں سے ریت کی طرح نکل گئی، یہ حال تو ہم نے کسی تانگا پارٹی کا بھی نہیں دیکھا، کوئی نیوٹرل ہے تو آپ جانور کہہ کر دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں .
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری لاشیں رکھ کر بیٹھی ہوئی تھی اور آپ کو آواز دے رہے تھی لیکن آپ کہتے تھے کہ میں بلیک میل نہیں ہوں گے لیکن آج 2,2 سیٹوں والوں کے در پر جاتے دیکھ رہی ہوں، آپ 10بندے پورے نہیں کر سکتے اور کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہو گئی، کسی ملک کو سازش کی ضرورت نہیں، اپنے لئے آپ خود ہی کافی ہیں ، اپنی نالائقی، ناکامی کو سازش کا نام دیں گے تو دنیا آپ پر ہنسے گی، سیخ پا ہو کر مچھلی کی طرح تڑپنے کی ضرورت نہیں، آپ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتا .
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے ممبران کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ بک گئے اور ہم انہیں خرید رہے ہیں ، آپ کو جو لوگ چھوڑ کر جا رہے ہیں انہیں کون خریدے گا؟ کبھی ان کو لوٹے کہتے ہیں تو کبھی کہتے ہیں واپس آ جاﺅ معاف کر دوں گا، یہ گیم چار چکے اور اگلا الیکشن بھی آپ ہاریں گے، یہ کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی حالانکہ صرف 4 سال بعد قوم نواز شریف کو یاد کر رہی ہے اور چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی ہے، نواز شریف نے باہر بیٹھ کر آپ کو گھر میں گھس کر مارا ہے .
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں آپ اقلیت میں تھے تو پھر کیسے اکثریت میں ہو گئے، آپ نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی، اس وقت جائز تھی؟ عمران خان کے حساب کے دن شروع ہونے والے ہیں اور عوام نے عمران خان کو ریڈ کارڈ دکھا دیا ہے، اب وہ کبھی مذہب کارڈ، کبھی سیاسی کارڈ اور کبھی کرپشن کارڈ دکھاتے ہیں .