مانسہرہ کی اسسٹنٹ کمشنر کو ہراساں کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

ْمانسہرہ (قدرت روزنامہ) پولیس نے مانسہرہ تحصیل کی اسسٹنٹ کمشنر کو ہراساں کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے خاتون کے سیکیورٹی گارڈ اور ڈرائیور کو زخمی بھی کیا تھا . میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلعی پولیس افسر سجاد خان نے بتایا کہ ہم نے 3 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے ریپیٹر گن، پستول اور ان کی گاڑی سے شراب کی بوتلیں برآمد کی ہیں .


ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر ماروی ملک شیر کو اس وقت بدسلوکی کا نشانہ بنایا جب وہ غازی کوٹ کے قریب قراقرم ہائی وے سے گزر رہی تھیں اور ان کی سرکاری گاڑی نے ملزمان کی گاڑی کو اوور ٹیک کیا . انہوںنے کہاکہ ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو روکا اور ان سے بد کلامی کی، جب ان کے ڈرائیور اور گارڈ نے معاملے میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے ان پر بھی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے .

ڈی پی او نے کہا کہ ملزمان ملک عمران حیدر، ملک محمد عتیق اور انیس خان کی جانب سے واقعے کی فوٹیج بنانے کی کوشش بھی کی گئی . انہوںنے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے بعد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے . عینی شاہد نے کہا کہ جب اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی نے ملزمان کی گاڑی کو اوور ٹیک کیا تو ملزمان مشتعل ہوگئے اور افسر کا راستہ روکتے ہوئے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا .

. .

متعلقہ خبریں