بھارتی سفارتکار دن رات او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژکرنے میں لگے رہے ؛ وزیر خارجہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی سفارتکار دن رات او آئی سی کانفرنس کو سبوتاژکرنے میں لگے رہے ، کچھ ہمارے لوگ بھی معصومیت میں ان کے جال میں آگئے‘ چین کے وزیرخارجہ کی موجودگی سے کچھ لوگوں کے رنگ میں بھنگ پڑ گیا ‘ یہ عزت پاکستان کی ہے حکومت وقت کی نہیں . پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی عزائم کے باوجود اوآئی سی کانفرنس بھرپورطریقے سے ہورہی ہے اور اوآئی سی کی تاریخ میں پہلی بار چین کے وزیرخارجہ آئے ہیں، چین کے ساتھ تعلقات ڈگمگانے کی قیاس آرائیوں پرپانی پھرگیا ہے، چین کا پیغام ہے کہ پاکستان تم تنہا نہیں ہو، کل بھی پاکستان کے ساتھ تھے آج بھی ہیں ، کچھ لوگ ایک رنگ دیتے ہیں ، چین کے وزیرخارجہ کی موجودگی سے ان کے رنگ میں بھنگ پڑ گیا ہے ، چین مسلم ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کوبڑھانا چاہتا ہے .

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج پاکستان کے لیے ایک اہم دن ہے، پاکستان نے دسمبر کے اجلاس میں افغانستان کے مسئلے پر دنیا کی توجہ مرکوزکرائی، اوآئی سی اجلاس میں ہمارا ارادہ کشمیر میں مظالم کواجاگرکرنا ہے، پاکستان کا وزیراعظم اور وزیرخارجہ کشمیرکا علم بلند کرے گا ، واضح پیغام دیں گے کشمیریوں ہم تمہارے ساتھ ہیں ، ہم بھولے نہیں ، اقوام متحدہ کے بعد اوآئی سی بڑا فورم ہوسکتا ہے ، اگر ہم تقسیم ہوگئے تو دو ارب مسلمان مایوس ہوں گے، اگر اہم متحد ہوگئے تو 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کی قرارداد کی طرح بہت سی کامیابیاں ملیں گی، ہماری تو تحریک بھی انصاف کی ہے، ہم انصاف کو اجاگر کریں گے .
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لیے پوری کوشش کی، بھارتی سفارتکار دن رات اسی کام میں لگے رہے، بھارتی سفارتکار بھی رکاوٹیں ڈالتے رہے، کچھ ہمارے لوگ بھی معصومیت میں ان کے جال میں آگئے، میں اپنے لوگوں کی نیت پرشک نہیں کروں گا ، کہا گیا نہیں ہونے دیں گے ، دھرنا دیں گے لیکن بلاول نے اپنے بیان پر نظرثانی کی اور اوآئی سی کا خیر مقدم کیا ہے کیوں کہ یہ عزت پاکستان کی ہے، حکومت وقت کی نہیں ہے، آج جو لوگ آئے ہیں پاکستان کےلیے آئے ہیں ، حکومتیں آتی جاتی رہتیں ہیں .

. .

متعلقہ خبریں