پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی کا وزیراعظم اور کابینہ پر شدید تحفظات کا اظہار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مظفر گڑھ سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر طلال گو پانگ بھی منحرف اراکین میں شامل ہوگئے . اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے عامر طلال گو پانگ نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، میں 14 سال سے پارلیمنٹ کا ممبر ہوں، 2018ء میں جب تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تب پارٹی کا ایک منشور تھا جو ہم عوام میں لے کر گئے،اور اسی منشور کی بنیاد پر ہم لوگوں سے ووٹ لے کر آئے .


لیکن بدقسمتی سے حکومت میں آنے کے بعد ہم اس منشور کے کسی ایک پوائنٹ پر بھی عمل نہیں کر سکے جس کی وجہ سے عوام کے اندر بہت ناراضی پائی جاتی ہے . عامر طلال گو پانگ نے مزید کہا کہ ہم عوام کے نمائندے ہیں،قومی اسمبلی میں اُن ہی کی نمائندگی کرتے ہیں، لیکن چار سالوں میں عوام کا کوئی ایک مسئلہ حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا .

ایک بھی بجٹ میں علی پور کے لیے کوئی ایک بھی اسکیم نہیں رکھی گئی .

میں جو کچھ کہہ رہا ہوں یہ میرے حلقے کے عوام کی آواز ہے . جب میرے حلقے کی عوام کو پارٹی پر تحفظات ہوں گے تو ظاہر ہے مجھے بھی ہوں گے . ہارس ٹریڈنگ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں حلفا کہہ چکا ہوں کہ نہ تو مجھے پیسوں کوئی آفر ہوئی اور نہ ہی میں نے پیسے لیے،پارٹی کے دیگر ناراض اراکین اسمبلی کو بھی کوئی آفر نہیں ہوئی اور نہ انہوں نے پیسے لیے .
عامر طلال گو پانگ نے مزید کہا کہ جب ہماری پارٹی اقتدار میں آئی تو اس پر اُن لوگوں نے قبضہ کر لیا جو باہر سے اقتدار میں آئے تھے،جن کا پاکستان میں کوئی حلقہ نہیں . جب وزیراعظم سے آخری ملاقات ہوئی تو انہیں کہا کہ پارٹی کے ساتھ وہی لوگ کھڑے ہوتے ہیں جو سیاسی ہوتے ہیں،لیکن آپ نے ان لوگوں کو پروٹوکول دیا جن کا پاکستان میں کوئی حلقہ نہیں،ان میں سے آدھے لوگ تو بیرون ملک بھاگ گئے اور دیگر بھی جلدی پاکستان سے باہر چلیں جائیں گے، اس وقت عمران خان کو اپنی غلطیوں کا احساس ہو گا .
عمران خان کی ٹیم میں وزراء کی زیادہ تعداد نااہل ہے، وہ نہ تو دفاتر میں بیٹھتے تھے اور نہ مسائل پر توجہ دیتے تھے . انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے اتحادی بھی ناراض ہیں اور جلد وہ حکومت سے الگ ہونے کا اعلان بھی کر دیں گے . ہم حکومت کو ٹھیک نہیں چلا سکے،بہتری اسی میں ہے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں،اس صورت میں ہم پھر بھی لوگوں کا سامنا کر سکیں گے . لیکن اگر ہم ضد پر قائم رہے اور 5 سال مکمل ہونے پر عوام میں گئے تو وہ ہمارا گریبان پکڑ لیں گے . عامر طلال نے مزید کیا کہا ویڈیو میں ملاحظہ کیجئے :

. .

متعلقہ خبریں