اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی مشیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پاس ایک سے زائد ٹرمپ کارڈ ہیں، عوام کیلئے سرپرائز ہے، وزیراعظم 27 مارچ کے جلسے میں اہم اشارہ دے سکتے ہیں . اے آروائی نیوز کے مطابق مشیر قانون بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس ایک سے زائد ٹرمپ کارڈ ہیں، وزیراعظم کے صرف ایک راستہ نہیں 3 سے 4 کارڈز ہیں .
انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے سرپرائز ہے ، وزیراعظم ستائیس مارچ کے جلسے میں اہم اشارہ دے سکتے ہیں . اسی طرح وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ احمد حسین ڈیہڑ کا بیان سنا، امید ہے باقی لوگ بھی واپس آجائیں گے، جلد مزید ارکان کے واپسی کے بیانات آئیں گے، عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجائے گی .
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی طاقت دنیا میں کم طاقت نہیں ہے، لیکن بدقسمتی ہے کہ مسلمانوں کے حکمران کمپرومائزڈ ہیں، ان میں اخلاقی قوت نہیں کہ وہ دنیا کے سامنے مسلم امہ کا مقدمہ لڑ سکیں، خاص طور پر بدقسمتی سے جیسے پاکستان کے اندر دیکھا کہ اگر ہمارے حکمرانوں کی اربوں ڈالر کی جائیدادیں باہر پڑی ہوں گی تو وہ خاک مقدمہ لڑیں گے .
عمران خان سچا لیڈر ہے . انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو عام سیاسی عدم اعتماد کی تحریک نہ سمجھیں، یہ مقابلہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کیلئے ہورہا ہے، پاکستان دنیا میں امن ، خودداری، عزت کے ساتھ ملک اور پارٹنر بننا چاہتا ہے . اگر ہم متحد رہ کرفیصلے کریں تو ہم دنیا میں عزت کے ساتھ رہ سکتے ہیں . دوسرا پاکستان جہاں پاکستان کو دنیا میں دہشتگرد ی کامرکز کہا گیا، برابھلا کہا گیا، پاکستان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، ان کے حکمران جھوٹ بولتے ہیں،کہتے کچھ کرتے کچھ ہیں .
انہوں نے کہا کہ ٹی وی سے پتا چلا کہ احمد حسین ڈیہڑ کا بیان سنا، امید ہے باقی لوگ بھی واپس آجائیں گے،ہمارے مزید ارکان کے واپسی کے بیانات آئیں گے، عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجائے گی، سارے پاکستانیوں کو پیغام دیتا ہوں ،27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ پہنچیں . پاکستان کی تاریخ کا بڑاجلسہ ہوگا . ایک کارکن شگاگو سے جلسے کیلئے آیا ہے . اسی طرح سے بہت سارے اورسیز پاکستانی جلسے کیلئے آنا چاہتے ہیں .