فصلی بٹیروں کو پارٹی میں شامل کرکے غلطی کی،ہمیں اناڑیوں پر ہی حکومت چلانی چاہئیے تھی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ فصلی بٹیروں کو پارٹی میں شامل کرکے ہم نے غلطی کی ، ہمیں اناڑیوں پر ہی حکومت چلانی چاہئیے تھی . فیصل واوڈا نے ہم نیوز کے پروگرام ’ہم مہر بخاری ‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہی، اپوزیشن کو کیسے فیسس سیونگ دی جائے اس پر بات ہو رہی ہے .


انہوں نے کہا جب وفاقی حکومت اپنے کارڈ شو کرے گی تو پھر اپوزیشن کو فیس سیونگ کی ضرورت ہو گی . انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ارد گرد کچھ لوگ بھی اس سارے معاملے میں ملوث ہیں، کوئی شیروانی سلوانے دے دیتا ہے اور کچھ پچاما ، کسی کے پاس کپڑا بھی پورا نہیں ہے . انہوں نے کہا کہ مجھے اپوزیشن کے سروں کے ساتھ کچھ اپنوں کے سر بھی دھڑوں سے الگ ہوتے نظر آ رہے یں .

دوسری جانب مشیر قانون بابر اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس ایک سے زائد ٹرمپ کارڈ ہیں، وزیراعظم کے صرف ایک راستہ نہیں 3 سے 4 کارڈز ہیں . انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے سرپرائز ہے ، وزیراعظم ستائیس مارچ کے جلسے میں اہم اشارہ دے سکتے ہیں . اسی طرح وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ احمد حسین ڈیہڑ کا بیان سنا، امید ہے باقی لوگ بھی واپس آجائیں گے، جلد مزید ارکان کے واپسی کے بیانات آئیں گے، عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوجائے گی .
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی طاقت دنیا میں کم طاقت نہیں ہے، لیکن بدقسمتی ہے کہ مسلمانوں کے حکمران کمپرومائزڈ ہیں، ان میں اخلاقی قوت نہیں کہ وہ دنیا کے سامنے مسلم امہ کا مقدمہ لڑ سکیں، خاص طور پر بدقسمتی سے جیسے پاکستان کے اندر دیکھا کہ اگر ہمارے حکمرانوں کی اربوں ڈالر کی جائیدادیں باہر پڑی ہوں گی تو وہ خاک مقدمہ لڑیں گے .
عمران خان سچا لیڈر ہے . انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو عام سیاسی عدم اعتماد کی تحریک نہ سمجھیں، یہ مقابلہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کیلئے ہورہا ہے، پاکستان دنیا میں امن ، خودداری، عزت کے ساتھ ملک اور پارٹنر بننا چاہتا ہے . اگر ہم متحد رہ کرفیصلے کریں تو ہم دنیا میں عزت کے ساتھ رہ سکتے ہیں . دوسرا پاکستان جہاں پاکستان کو دنیا میں دہشتگرد ی کامرکز کہا گیا، برابھلا کہا گیا، پاکستان پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا، ان کے حکمران جھوٹ بولتے ہیں،کہتے کچھ کرتے کچھ ہیں .

. .

متعلقہ خبریں