کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ءبرصغیر کی تاریخ کا ایک ایسا عظیم دن ہے جو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخرہے کہ جس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی جو کہ مسلمانان ہند کی حصول پاکستان کی جانب جدوجہد کا سنگ میل ثابت ہوئی . اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ 23 مارچ کا دن تدبر قائد و فکر اقبال کا مشترکہ عکاس ہے .
یہ ایک ایسا سنہرا دن ہے کہ جس دن مسلمانان ہند نے اپنی منزل کا تعین کیا اور بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کی فہم و فراست، یقین محکم، سیاسی تدبر، اور عملی جدوجہد کی مکمل حمایت اور تائید کی جنہوں نے مسلمانوں کو ایک اقلیت نہیں بلکہ ایک الگ قوم قرار دیا جو اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے اور جو ایسے کسی آئین کو قبول نہیں کرسکتی جو مسلمانان ہند کے حقوق سے متصادم ہو . اس کا عملی نمونہ 1945ءکے انتخابات ہیں جس میں مسلمانوں کو واضح سیاسی برتری حاصل ہوئی . وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرارداد پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک علیحدہ مسلم ریاست کے قیام کی بنیاد اور یہاں آباد مختلف اقوام اور اکائیوں کے حقوق کے تعین اور تحفظ کی ضمانت فراہم کرتی ہے . وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن اس عہد کی تجدید کا دن بھی ہے کہ ہم اپنے پاک وطن کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس مقصد کے حصول کے لئے بحیثیت متحد قوم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے . وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس وقت ہمیں جن چیلنجر کا سامنا ہے، اس سے نمٹنے کے لیے بھی ہمیں ایک باشعور متحد اور ذمہ دار قوم کے طور پر انفرادی اور مجموعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہونگی . وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو تمام دشمنوں کی میلی آنکھ سے محفوظ رکھے اور اس ملک کو تا قیامت قائم و دائم رکھے .
. .