شمالی وزیرستان،بلدیاتی انتخابات میں اے این پی کا امیدوار فائرنگ سے قتل

شمالی وزیرستانّ(قدرت روزنامہ) ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی بازار میں مسلح ملزمان نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے جنرل کونسل کی نشست پر نامزد مصور داور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا . میڈیا رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح حملہ آوروں نے اے این پی امیدوار کو ان کے دفتر کے باہر قتل کیا اور فرار ہوگئے .


پولیس کی جانب سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی، مصور داور کے چچا ملک گٴْل صالح جان کو بھی متعدد بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے . مقتول حیدر خیل کے علاقے سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے تھے ، سماجی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے وزیرستان کی نوجوان نسل کے لیے بھی کام کیے .

اے این پی کے صوبائی صدر ایمل والی خان نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ واقعہ کے خلاف صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں احتجاج کریں .

پشاور سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور دن دیہاڑے نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے . علاوہ ازیں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محسن داور نے بھی اے این پی کے امیدوار کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شکایت کی کہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی موجودگی کے باوجود بھی نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے .
دریں اثنا گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے 2 لاشیں برآمد ہوئیں جن کے سر قلم کیے گئے تھے،پولیس کی جانب سے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے . پولیس کے مطابق وچہ خورہ کے گرڈ اسٹیشن کے قریب سے 25 سالہ مرزا خان محسود کی لاش برآمد ہوئی ہے . علاوہ ازیں بیرمل تحصیل کے علاقے کلوشا لگاد سے گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی جس کا سر بھی قلم کردیا تھا، مقتول کی شناخت کالا خان کے نام سے کی گئی .

. .

متعلقہ خبریں