اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے مستعفی نہ ہونے کی خواہش کردی . انہوں نے کہا ٹرمپ کارڈ جس کے پاس ہوتا ہے وہ کسی کو بتاتا نہیں ہے ، میری خواہش ہے عمران خان عہدے سے استعفیٰ نہیں دیں ، وہ پارلیمنٹ آئیں اور پھر انہیں شکست ہو ، ان کو احساس کرانا ہے کہ پارلیمنٹ کو اہمیت نہ دیں تو
نتیجہ کیا نکلتا ہے کیوں کہ ان کی جانب سے تکلیف دہ الفاظ استعمال کیے جارہے ہیں ، اگر حکومتی اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہوتیں تو ایسے الفاظ کا استعمال نہ کیا جاتا .
خورشید شاہ نے کہا کہ ٹرمپ کارڈ کوئی بھی عوام کے خلاف استعمال نہیں کرسکتا ، ڈالر، بجلی، تیل، اناج کی قیمتیں کہاں تک پہنچ گئیں کوئی پوچھنے والا نہیں؟ جو لوگ ہمارے پاس آرہے ہیں وہ خود کو بچا رہے ہیں ، ساڑھے 3 سال ہم نے انتظار کیا ، میثاق معیشت کا بھی کہا، کشمیر سمیت دیگر اہم ایشوز پر میٹنگ ہوئیں ، آرمی چیف آئے لیکن وزیراعظم نہ آئے ، اس دوران اپوزیشن والے سنبھل کر چل رہے تھےاور کہتے تھے آئیں ساتھ بیٹھیں ، کہا جاتا تھا اپوزیشن ناکارہ ہے نااہل اپوزیشن ملی ہے ، اس کے بعد پیپلز پارٹی کو مجبوراً طاقت کا مظاہرہ کرنا پڑا . انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سینیٹ میں شکست ہوئی تھی تو انہوں نے اعتماد کا ووٹ لیا تھا ، چوہدری نثار کی ملاقاتیں ایک سال پہلے ہوئی تھیں جب کہ وزیر اعظم کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ 10لاکھ لوگ کھڑے کردوں گا دیکھتے ہیں کون پارلیمنٹ جاتا ہے، ہم آپ کا یہ طریقہ کار بھی دیکھ لیتے ہیں . ادھر پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 2 وفاقی وزیر اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں ، ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کوئی کارڈ نہیں رہ گیا ، ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے ، پی ٹی آئی کے 11 لوگ اور 2 وفاقی وزیر بھی آ رہے ہیں جب کہ عثمان بزدار بھی چھوڑ کر جار ہے ہیں ، وہ سیاسی جماعتوں سے ٹکٹ کے لیے رابطے کررہے ہیں اور کہیں مقابلے میں امیدوار کھڑا نہ کرنے کا کہہ رہے ہیں . راجہ ریاض نے کہا کہ ہمارے پاس ارکان کی تعداد 27 ہوچکی ہے ، مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی 2 سے 3 لوگ ہیں ، سنا ہے مسلم لیگ ق کے پاس بھی 3 سے 4 افراد موجود ہیں یوں تحریک عدم اعتماد میں ارکان کی تعداد 200 تک پہنچ جائے گی ، قرآن پاک کی قسم اٹھا کر کہتا ہوں میں نے ایک روپیہ رشوت نہیں لی ، اگر عمران خان میڈیا پر آکر قراٰن پاک اٹھا کر کہہ دیں تو میں انہیں معاف کردوں گا .
. .