پی پی نے زبانی مطالبات مانے ہیں، سب طے ہونے تک حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا،ایم کیو ایم رہنما کا دوٹوک اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما عامر خان نے حکومت یا اپوزیشن کاساتھ دینے کے حوالے سے کہا ہے کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا . ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی، وفد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عامرخان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر اور جاوید حنیف شامل تھے ، پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصرشاہ، سعید غنی، مرتضیٰ
وہاب اور رخسانہ بنگش شریک ہوئیں .
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عامر خان نے کہا کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، دونوں طرف سے اچھے خیالات کا اظہار ہوا . عامر خان نے کہا کہ بلاول نے کہا ہے کہ انھوں نے مطالبات مان لیے ہیں تاہم یہ مطالبات زبانی مانے گئے ہیں، اس کا ایک پورا طریقہ کار ہوتا ہے، باقاعدہ تحریری شکل دی جاتی ہے، ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا،چاہے ن لیگ کے ساتھ بات ہو یا پیپلزپارٹی، تحریری معاہدہ ہوگا توسامنے آجائیگا . انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فیصلے سے متعلق اعلان رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، کوئی جلدی نہیں، اپنے لوگوں اور اپنے شہر کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے .
. .