لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں نامعلوم افراد نے پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگا دی . جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھاٹی گیٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے کیمپ کو نامعلوم افراد نے آگ لگائی جس کی وجہ سے کیمپ جل گیا .
پی ٹی آئی کارکنان کا کہنا ہے کہ کیمپ کو آگ نامعلوم افراد نے لگائی جس سے کیمپ میں موجود کرسیاں، ٹینٹ اور بینرز جل گئے .
آگ سے متاثر مقام پر پولیس کی نفری بھی پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے . دوسری جانب حکومت کی جلسے کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں . پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں ملک کے مختلف مقامات پر ہونے والے وزیر اعظم عمران خان کے جلسوں نے ثابت کیا ہے کہ عوام ضمیر فروشی اور چوری کو چھپانے کی سیاست کو مسترد کر تے ہیں ، جلسوں میں عوام کی غیر معمولی تعداد میں شرکت سندھ ہائوس میں خرید و فروخت کی منڈی لگانے والوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے، آج 27 مارچ کو نئے پاکستان کی مضبوط اور بلند و بالا عمارت کھڑی نظر آئے گی .
اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ اپوزیشن کی منفی سر گرمیوں سے عوام نے ان کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے ، تحریک انصاف نے حالیہ چند ہفتوں میں سیاسی طو رپر جتنی تقویت حاصل کی ہے وہ شاید سالوں میں میسر نہ آتی . انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کے سامنے کھڑا رہ کر ثابت کیا ہے کہ وہ اصول پسند اور بہادر لیڈر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج ملک بھر کے عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں .
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کو اندھیروں میں واپس دھکیلنا چاہتے ہیں پوری قوم ان کے راستے میںدیوار بننے کا اٹل فیصلہ کر چکی ہے اور ان شا اللہ پاکستان کی ترقی کے میدان میں نئی منازل طے کرے گا . انہوں نے کہا کہ 27مارچ کا پریڈ گرائونڈ کا جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور مینار پاکستان کی طرح اس جلسے سے بھی آنے والے کئی سالوں تک اپوزیشن کی سیاست پر سکتہ طاری رہے گا .