عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں،مریم نواز

لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں،عمران خان کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں یہ جھوٹا شخص ہے، مسلم لیگ ن خدمت کا نام ہے، امید ہے جلد حالات بدلیں گے اور غریب کو ریلیف ملے گا . انہوں نے مہنگائی مکاؤ مارچ کے دوران جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ردعمل سے پتا چلا ہے کہ لوگ کس طرح اس نااہل اور ناکام حکومت سے تنگ تھے .


یہ تحریک اپوزیشن نے شروع نہیں کی بلکہ یہ قدم عوام نے اٹھایا ہے، یہ قدم عمران خان کی اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی نے اٹھایا ہے، کیونکہ تاریخی ناکامی کا بوجھ کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن نے تاخیر کی لیکن عوام تو پہلے ہی آگے جاچکی ہے .

عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کی کسی بات کا مجھے یقین ہے اور نہ قوم کو یقین ہے، یہ وہی شخص ہے 35 پنکچرز والا، ایک کروڑ نوکریوں والا اور 50 لاکھ گھروں والا، نو دنوں میں کرپشن ختم کرنے والا وہی شخص ہے میں سمجھتی ہوں اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں ہے، عزت اسی میں ہے سامان باندھے اور چلتا بنے .

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت جاچکی ہے، چیخیں نہیں سن رہے، عمران خان جاچکا ہے ہم خدا حافظ کہنے جا رہے ہیں . عمران خان نے 22 کروڑ عوام کی جو بربادی کی ہے، اب ٹھیک کرنے کو اس کا وقت لگے گا لیکن نواز شریف اور شہباز شریف، مسلم لیگ ن نام خدمت کا ہے، جب بھی مسلم لیگ ن کو حکومت ملی پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا گیا، امید ہے جلد غریب کو ریلیف ملے گا اورپاکستان کے حالات بھی بدلیں گے .
اسکینڈل بن چکے ہیں سامنے بھی آچکے ہیں اب حساب ہونا ہے، وہ ہمارے نہیں عوام کے مجرم ہیں . انہوں نے کہا کہ فرح خان خاتون اسکینڈلز کا باپ ہے، بنی گالہ میں کسی کی فرنٹ وومن ہے . کوئی تبادلہ کوئی ترقی اس کو رشوت دیے بغیر نہیں ہوتی، جب وہ پھنس جاتے ہیں تو فون وزیراعظم ہاؤس سے آتا ہے سوچیں یہ کتنا بڑا اسکینڈل ہے . انہوں نے کہا کہ عوام آوازیں دے رہی ہے، نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے . میں نہیں سمجھتی کہ کوئی سیاسی عقل شعور رکھنے والاعمران خان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اگر یہ بیرونی سازش ہے تو اس سازش کا نام عمران خان ہے، تبدیلی آچکی ہے بس اعلان ہونا باقی ہے .

. .

متعلقہ خبریں