اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ تحریک انصاف کی جنگ نہیں ہے بلکہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانے نکلے ہیں . تفصیلات کے مطابق پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے جاری کردہ اپنے خصوصی آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج جو جلسہ ہورہا ہے یہ پاکستان کی جنگ ہے ، یہ تحریک انصاف کی نہیں پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے .
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انشاءاللہ آج ہم پاکستان کی تاریخ بنانےنکلےہیں ، میرا سب کوپیغام ہے جو بھی جلسے کیلئے نکل رہے ہیں جلدی نکلیں ، جدھرجدھرجو وقت بھی آپ نے نکلنے کا طے کیا ہو اس سے پہلے نکلیں ، مجھے خدشہ ہے کہ سڑکوں پر رش ہوگا اور آپ جلسہ گاہ نہیں پہنچ پائیں گے .
اس سے پہلے 24 مارچ کواپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ 30 سال سے ملک کو ڈاکوؤں کا ٹولہ لوٹ رہا ہے ، چاہتا ہوں 27 مارچ کو پوری قوم میرے ساتھ نکلے ، کیوں کہ قرآن میں اللہ کا مسلمانوں کو حکم ہے کہ تم نے اچھائی کے ساتھ اور برائی بدی کے خلاف کھڑے ہونا ہے ، کیوں کہ اس سے ہی ایک معاشرہ زندہ رہتا ہے ، کھلے عام ساری عوام کے سامنے اس ملک میں ڈاکوؤں کا ٹولہ جو 30 سال سے اس ملک کو لوٹ رہا ہے ، کرپشن کر رہا ہے اور پیسے باہر بھیج رہا ہے ، اس نے اکٹھے ہوکر عوامی نمائندوں کے ضمیر کی قیمتیں لگائی ہیں ، ان کو کھلے عام خرید رہے ہیں .
وزیراعظم نے کہا کہ میں یہ چاہتا ہوں کہ ساری میری قوم 27 مارچ کو میرے ساتھ نکلے صرف ایک پیغام دینے کے لیے ہم بدی کے ساتھ نہیں بلکہ بدی کے خلاف ہیں ، ہم اس ملک میں ملک کی جمہوریت اور قوم کے خلاف ہونے والے اس جرم کہ آپ چوری کے پیسے سے عوام نمائندوں کے ضمیر خرید رہے ہو ، قوم اس کے خلاف ہے اور میں چاہتا ہوں کہ قوم 27 تاریخ کو میرے ساتھ نکلے اور سارے پاکستان کو پتہ ہونا چاہیئے کہ آئندہ کسی کی جرات نہیں ہونی چاہیئے کہ اس طرح ہارس ٹریڈنگ کرکے اس ملک کی جمہوریت اور قوم کو نقصان پہنچائے .
. .