کراچی (قدرت روزنامہ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیوں کے دوران جائے نمازوں میں چھپائی گئی منشیات بھی پکڑی گئی . ترجمان اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاعات پر کراچی میں کی گئی 3 بڑی کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 30 کلو آئس برآمد کی گئی ، جن میں سے ایک کارروائی میں کراچی ایئرپورٹ پر آسٹریلیا بھیجے جانے والے کارگو سے 20 کلو آئس برآمد ہوئی، پکڑی گئی آئس تولیوں میں جذب کی گئی تھی ، کارگو کراچی کی رہائشی امبر رمضان کی طرف سے بک کروایا گیا .
بتایا گیا ہے کہ ایک اور کارروائی کے دوران سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 3 کلو آئس برآمد ہوئی ، یہ کارروائی شاہراہ فیصل پر واقع ایک کوریئر کمپنی کے دفترمیں کی گئی جہاں سے برآمدشدہ آئس لیڈیز کپڑوں میں جذب کی گئی تھی جب کہ یہ پارسل شیخوپورہ کی رہائشی شگفتہ بانو کی طرف سے بک کروایا گیا تھا .
اے این ایف ترجمان سے معلوم ہوا ہے کہ شہر قائد میں تیسری کارروائی بھی ایک کوریئر کمپنی میں ہی عمل میں لائی گئی جہاں سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 7 کلو آئس پکڑی گئی ، یہاں سے برآمد شدہ آئس 3 عدد جائے نمازوں میں جذب کی گئی تھی اور یہ پارسل لاہور کے رہائشی ارشد علی نے بک کروایا تھا .
چند روز قبل پولیس نے کراچی کی تاریخ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1 ارب ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی تھی ، منشیات کا وزن تقریبا ساڑھے پانچ ٹن ہے ، یہ کارروائی ایسٹ زون پولیس کی جانب سے ناردرن بائی پاس کے قریب خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی ،جس کے بارے میں ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے بتایا کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران منشیات پکڑی گئی ، گاڑی کے ڈرائیور نے دوران تفتیش منشیات کی بڑی کھیپ کی نشاندہی کی .
پولیس کے مطابق برآمد منشیات کی بین الاقوامی سطح پر مالیت ایک ارب سے زائد بنتی ہے اور اس منشیات کا وزن تقریباً ساڑھے پانچ ٹن ہے ، پکڑی گئی کھیپ میں چرس ، افیون اورہیروئن شامل ہے ، جس کے بارے میں پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اب تک پکڑی سب سے بڑی منشیات کی کھیپ ہے ، گروہ کے مزید کارندوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جا ری ہیں .