اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں صرف جلسے کی اجازت ہے اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا ، جے یو آئی کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں‘ اگر آپ کا مقصد انتشار ، ہنگامہ آرائی یا عمران خان کے کارکنوں کا راستہ روکنا ہے کہ تو ہم چوبیس گھنٹے یہاں بیٹھے ہیں ، اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو نتیجہ اچھا نہیں ہوگا .
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو لیکن اگر تصادم ہوا تو کوئی نہیں بچے گا اور قانون حرکت میں آئے گا ، فضل الرحمان گرتی ہوئی دیواروں کو دھکا دینا چاہتے ہیں ایسا نہ ہو کہ وہ خود گرجائیں کیوں کہ بلاول اور فضل الرحمان عمران خان سے ستعفیٰ مانگ رہے ہیں ، گینگ آف تھری سے کہتا ہوں انہیں کچھ نہیں ملنے والا ، عمران خان چھا جائے گا چاہے اسمبلی سے ہو یا عوام اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے ، عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے، جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا کیوں کہ یہ مافیاز ہیں شوگر مل والے، گھی والے اور اپٹما والے، چاہتا ہوں عمران خان کی وجہ سے ایسا انقلاب آئے کہ چور اور مافیاز کا خاتمہ ہو .
شیخ رشید نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے، آج تاریخی جلسہ ہے، اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے، ہم نے جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی، جے یو آئی سے خصوصی درخواست ہے کہ آپ کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں ، اگر آپ کا مقصد انتشار کرنا یا ہنگامہ آرائی کرنا ہے یا مقصد عمران خان کے کارکنوں کا راستہ روکنا ہے کہ تو ہم چوبیس گھنٹے یہاں بیٹھے ہیں ، ہم نے 28 مارچ کو ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے ، جے یو آئی والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں انہیں بھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں، تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا .
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے ، میں نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دی اور آج بھی حامی ہوں تاہم عمران خان راضی نہیں ہوئے ، ہمیں ایک زبردست بجٹ پاس کرکے عوام میں جانا چاہیے ، کیوں کہ ہمارے دور میں غریب کو وہ سہولت نہیں ملی جو دینی چاہیے تھی اس کی وجہ یہ مافیاز اور چور تھے، ہمیں ایک اچھا بجٹ دینا چاہیے، عمران خان اتنا مقبول ہوجائے گا، اگر عمران خان عدم اعتماد میں نہیں بچتا تو بھی اللہ عمران خان کو اس سے بڑی عزت دینے جارہا ہے .