گجرانوالہ(قدرت روزنامہ)ہمارا قافلہ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے اور ہم اسلام آباد سے خالی ہاتھ نہیں لوٹنے والے، پریڈ گراؤنڈ کا جلسہ فلاپ،وہاں رونےوالا سب سے بڑا چوہا ہے،مریم نوازاور حمزہ شہباز کا مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب . تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں رونے والا پاکستان کا سب سے بڑا چوہا ہے، پریڈ گراؤنڈ کا جلسہ فلاپ ہو گیا، اسلام آباد کے شہریوں نے عمران خان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے .
نجی ٹی وی کے مطابق ن لیگ کے مہنگائی مکاؤ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے شیروں کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں، نہ سرکاری گاڑیاں ہیں اورنہ سرکاری وسائل ہیں، یہ ہوتا ہے عوامی جلسہ .
انہوں نے کہا کہ عوام نے ثابت کردیا ہے کہ نہ کسی پیسے کی ضرورت ہے اور نہ کسی گاڑی کی ضرورت ہے . مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی بدتمیزی کا منہ توڑ جواب ملے گا .
انہوں نے براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان! اب اپنے جلسے کی ناکامی کا الزام بھی نواز شریف پر نہ لگا دینا، عمران خان محلے کی ماسی کی طرح ادھر ادھر چغلی لگاتا ہے . انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کان کھول کر سن لو! یہ ادارے بھی نوازشریف کے ہیں، یہ قوم بھی نوازشریف کی ہے، تمہارے پاس راز ہوتے تو پوری قوم کے سامنے رکھتے، ایل این جی، آٹا مافیا، چینی کھل جائیں گا .
نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ یہ چپ کرکے بیٹھے گا، یہ نہیں لڑسکتا، کوئی ٹرانسفر و پوسٹنگ کروڑوں سے کم میں نہیں ہوتی ہے . ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ 12 ارب روپے نوازشریف کے خلاف ثبوت ڈھونڈنے میں خرچ کیے، اصل میں ڈیزل تو عمران خان ہے، ڈیزل کی قیمت سب سے زیادہ عمران خان کے دور میں بڑھی .