اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا دعویٰ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو پیغام ہے گیم ازاوور، اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کامیاب نہیں ہوگی . انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کو پیغام ہے، گیم ازاوور،اپوزیشن تحریک عدم اعتماد میں کامیاب نہیں ہوگی .
اسی طرح وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن 172 ارکان پورے نہیں کرسکتی، عمران خان 8 سے 12 ووٹوں کے ساتھ عدم اعتماد جیت جائے گا . شیخ رشید نے کہا کہ 3 تاریخ کو وزیراعظم عمران خان ہی جیتےگا، 3 ماہ سے کہہ رہا ہوں عمران خان کامیاب ہوں گے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی کسی کو نہیں دےگا، پہلے ہی کہہ چکا ہوں31 کو فیصلہ ہو جائے گا، وفادار آدمی ہوں، عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہوں گا .
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے کینیڈیٹ کے طور پر سپورٹ کریں گے . ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا ہے . دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی فیصلہ کرنے نہیں وزیراعظم کی بات سننے گئے ہیں، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ق اتحادی جماعتوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا .
جو بھی فیصلہ ہوگا اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے . یاد رہے وزیراعظم ہاؤس نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے باضابطہ رابطہ کیا ہے، جس پر چودھری پرویزالٰہی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے کیلئے بنی گالہ گئے ہیں . اے آروائی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد اور مسلم لیگ ن کے لانگ مارچ سمیت موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی .
سیاسی کمیٹی نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی تجویز دی ہے . اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاؤس نے مسلم لیگ ق کی قیادت سے باضابطہ رابطہ کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے چودھری پرویزالٰہی کو وزارت اعلیٰ دیے جانے کا امکان ہے . بتایا گیا ہے کہ سیاسی کمیٹی نے پنجاب میں سیاسی بحران سے نمٹنے کیلئے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی تجویز دی ہے .
حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ق کو باضابطہ وزارت اعلیٰ دینے کا اعلان آج رات تک متوقع ہے . دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، تحریک عدم اعتماد شہباز شریف نے پیش کی، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 161ارکان نے حمایت کی . جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تحریک پیش کرنے کی ہدایت کی ، جس پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی .
تحریک عدم اعتماد کے حق میں161 ارکان نے حمایت کی، جس پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی . تحریک عدم اعتماد پیش ہونے پر اس پر باقاعدہ بحث ہوگی . اسپیکر قومی اسمبلی نے 31 مارچ بروز جمعرات 4 بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کردی ہے .