اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی باسط بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے خط کے حوالے سے بڑا دعویٰ کر دیا . انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ ‘ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے پیر کو عمران خان بنی گالا میں بیٹھے ہوں گے اور ہمارا کردار ان کے خلاف ہو گا .
باسط بخاری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں اور عدم اعتماد کو کامیاب بنائیں گے اور کوئی واپس نہیں آئے گا، یہ خوش فہمی کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں .
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسلام کو سیاست میں کیوں لا رہے ہیں ؟ کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ گیم چلی گئی ہے . وزیراعظم کی جانب سے خط لہرانے کے معاملے پر باسط بخاری نے کہا کہ ایک لیٹر یورپی یونین کا ہے جو انہوں نے ہر ملک کے وزیراعظم کو لکھا ہے، جو کہ معمول کا خط ہے، اس کو ہائی لائٹ کر دیا .
دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال نے دھمکی آمیز خط کے حوالے سے وزیر اعظم کو بڑی پیش کش کر دی .
انہوں نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پیش کش کی کہ وزیر اعظم عمران خان سکیورٹی تھریٹ والا خط اپوزیشن کو دکھائیں ہم سب مل کر اس دھمکی کا مقابلہ کریں گے . اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے خط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کیا . انہوں نے پیر کے روز پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال پر خط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کہ خط سچا ہوا تو عمران خان کا ساتھ دوں گا، عمران خان کے خلاف ہماری جمہوری جنگ ہے، عمران خان کو غیرملکی مداخلت کا الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، مداخلت ہوئی ہے تو پارلیمان کو شواہد دکھائے جائیں، فارن فنڈنگ کے بارے میں عمران خان کی کیا رائے ہے .
جبکہ اس پریس کانفرنس سے قبل جاری ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر آپ نے بے تکی توجہیات تراشنا شروع کر دیں . انہوں نے کہا کہ وہ جو لندن پلان سے اقتدار میں آیا، اسے ہر چیز میں سازش نظر آتی ہے، کرپٹ ترین اور نااہل ترین حکومت بنائی . شہباز شریف نے کہا کہ کسی شک یا غلطی میں نہ رہیں، تم ہار چکے ہوں کیونکہ تم سے قوم کو بیوقوف بنایا .