حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی نے اسلام آباد کو بڑی تباہی سے بچا لیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی نے اسلام آباد کو بڑی تباہی سے بچا لیا . سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا جب کہ ایک فرار ہو گیا .

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے افغانستان سے ٹریننگ حاصل کی تھی . ملزمان سے 5 کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا . سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے سیاسی جماعتوں کے جلسے میں دہشتگردی کا منصوبہ بنا رکھا تھا .
ملزمان کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے . خیال رہے کہ 23 مارچ 2022ء کو ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اپوزیشن کے حکومت مخالف مارچ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پنجاب کی پولیس نے سکیورٹی الرٹ جاری کیا تھا، پنجاب پولیس کی طرف سے صوبے بھر میں سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ کالعدم تنظیموں کے دہشت گرد سیاسی شخصیات یا اُن کے پروگراموں کو نشانہ بناسکتے ہیں ، مارچ کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال نہ کیا جائے اور کسی بھی مشکوک شخص کو مارچ میں شریک ہونے سے روکا جائے .

پولیس نے مراسلے میں یقین دہانی کرائی کہ اہلکار مارچ کے روٹ پر سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کی کوشش کریں گے ، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت بھی پولیس اہلکاروں سے تعاون کرے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور رضاکار بھی اردگرد اور مشتبہ افراد پر خاص نظر رکھیں . خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک میں جاری مہنگائی کی وجہ سے حکومت کے خلاف لاہور سے اسلام آباد تک مہنگائی مکاؤ مارچ کا اعلان کیا تھا ، جس کی قیادت ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز کر رہے تھے .
مسلم لیگ ن کے لانگ مارچ کے تیسرے روز سرائے عالمگیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جشن کا وقت ہوا چاہتا ہے ، قوم تیاری کرے ، قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی ، نئے الیکشن اور نیا مینڈیٹ ہی تمام مسائل کا حل ہے . مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے کہا تھا راتوں رات بننے والی پارٹیاں راتوں رات ٹوٹتی بھی ہیں ، آج نوازشریف کی وہ بات سچ ثابت ہورہی ہے ، عمران خان کو ساڑھے تین سال پہلے گھبرانا چاہیئے تھا لیکن انہوں نے ساری توجہ نوازشریف اور شہبازشریف پر رکھی .

. .

متعلقہ خبریں