اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا ن لیگ میں شمولیت کی خبروں پر ردِعمل آ گیا . فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرے بارے میں ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر من گھڑت, بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے .
گذشتہ روز جیو ٹی وی سے منسلک مرتضیٰ علی شاہ نے دعویٰ کیا تھاا کہ فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو یہ پیغام معروف گلوکار وارث بیگ کے ذریعے پہنچایا جنہوں نے گذشتہ ہفتے لندن میں نوازشریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی تھی . رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان کی جانب سے لندن میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو پیغام بھجوایا گیا ہے کہ وہ ن لیگ میں شامل ہونا چاہتی ہیں تاہم ان کی جانب سے سیالکوٹ میں ٹکٹ کا مطالبہ نہیں کیا گیا .
رپورٹ کے مطابق اعلیٰ قیادت سے فردوس عاشق اعوان کے معاملے پر 10 منٹ تک بات چیت بھی ہوئی . مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے فردوس عاشق اعوان کو کوئی یقین دہانی نہیں کروائی اور انہیں جواب دیا گیا کہ مسلم لیگ ن پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا جائے . رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اسے جھوٹی خبر قرار دے دیا گیا .
قبل ازیں واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما اور سینئر سیاستدان فردوس عاشق اعوان طویل سیاسی خاموشی کے بعد دوبارہ منظر عام پر آئی تھیں . نجی ٹی وی چینل سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی نے انکشاف کیا کہ مرکز اور پنجاب میں سازشیں کرنے والا گینگ ایک ہی تھا، کچھ لوگوں نے پارٹی مفادات کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھا دیا، تحریک انصاف کو اندر سے ہی خطرہ ہے . فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انہوں نے کوشش کی کہ بدترین صورتحال میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں لیکن شاید قیادت کو اس سے بہتر کی تلاش تھی .
. .سوشل میڈیا پر میرے بارے میں ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر من گھڑت, بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے .
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) March 28, 2022