یو این مشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 پاکستانی افسران سمیت 8 اہلکار شہید

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) یو این مشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 6 پاکستانی افسران سمیت 8 اہلکار شہید، پوما ہیلی کاپٹر کو کانگو میں حادثہ پیش آیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے حادثے کی تصدیق کر دی . تفصیلات کے مطابق کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت فرائض انجام دینے والے پاک فوج کے اہلکار افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئے .


آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے ایوی ایشن یونٹ کو یو این مشن کانگو میں حادثہ پیش آیا، حادثے کے دوران پوما ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار 6 پاکستانی افسران سمیت 8 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے . شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل آصف، میجر سعد، معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، کریو چیف محمد جمیل شامل ہیں .

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہے . ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا، پاکستان اقوام متحدہ مشن میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کررہا ہے، ہمارے امن دستوں نے ہمیشہ چیلنجنگ کے ٹاسک انجام دیے .

. .

متعلقہ خبریں