اپوزیشن ناکام ہو چکی ہے، سیاسی میدان میں ان کا مقابلہ کریں گے، شہباز گل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن ناکام ہو چکی ہے، سیاسی میدان میں ان کا مقابلہ کریں گے، گھروں میں بیٹھی خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کرنا مناسب نہیں، خاتون اول کے خلاف زبان دارزی کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے۔ وہ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو خواتین پر جملے کسنا مناسب نہیں، مسلم لیگ (ن) نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے محترمہ بے نظیر بھٹو کی جعلی تصاویر پھینکیں، بے نظیر بھٹو اور ان کی والدہ کو گالیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے تین سال کے دوران بار بار خاتون اول کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، خاتون اول قوم کی بیٹی، ماں، بیوی اور مسلمان ہیں، وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لیتیں اور نہ ہی کسی سرکاری عہدے پر تعینات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور مریم صفدر سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر قائدین نے ان پر جھوٹے الزامات لگائے ہیں، خواتین کو عزت دینا ہماری اقدار ہے، خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کرنا (ن) لیگ کا وطیرہ ہے، ماضی کی حکومتوں میں ہر ماہ سکینڈل آتا تھا، موجودہ حکومت کے خلاف کچھ نہیں ملا تو خاتون اول اور ان کی دوست فرح بی بی کے خلاف جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں، فرح بی بی اور ان کے شوہر کے پاس کوئی پارٹی یا سرکاری عہدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الزام تراشی کرنے والوں کا مقصد وزیراعظم عمران خان پر حملہ آور ہونا ہے، ہماری خواتین رہنمائوں کا سیاسی انداز میں مقابلہ کریں، اگر فرح بی بی کے خلاف کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، صرف خاتون اول کو نشانہ بنانے کیلئے صرف الزام تراشی نہ کریں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکائونٹس سے 16 ارب روپے شہباز شریف کے اکائونٹس میں منتقل ہوئے، اس پیسے سے ان کی غیر سرکاری بیگمات کو گھر لے کر دیئے گئے، ہم اس چوری کی بات کرتے ہیں لیکن خواتین کو نشانہ نہیں بناتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف مکاتب فکر کے لوگ رہتے ہیں، ان کا اپنا اپنا عقیدہ ہے، اخلاقی اقدار پر بات کرنے سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچتی ہے، کسی کے اعتقاد کو جادو منتر ٹونہ کہہ کر کسی کی توہین کرنے کا کوئی حق نہیں، کسی کے مذہبی عقائد سے متعلق بات کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس عمران خان کے خلاف اور کوئی بات نہیں ہے اس لئے آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ گھر میں گوشت جلایا جاتا ہے، اب سب اچھی طرح سے واقف ہیں کہ بنی گالا عمران خان صاحب کے گھر کو ایک ہی راستہ جاتا ہے اور وہاں سیکورٹی بھی ہوتی ہے، میڈیا کو بھی اس کی خبر نہیں ہوتی، اتنے عرصے جب نوازشریف حکومت میں رہے تو انہوں نے اپنی 18 فیکٹریاں لگا لیں، عمران خان سرکاری پیسہ ذاتی استعمال میں نہیں لائے، ان کا کوئی کیمپ آفس نہیں، بنی گالہ اور لاہور کے گھر کا خرچہ خود اٹھاتے ہیں، اپوزیشن والے تو سب کچھ سرکار کے پیسے سے کرتے تھے، نواز شریف نے سرکاری خرچ پر بیرون ملک 23 ذاتی دورے کئے اور آصف زرداری نے 51 ذاتی دورے سرکاری خرچ پر کئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے چنائو کے موقع پر جادو ٹونے کی باتیں کی گئیں، ان کو شرم آنی چاہئے، معاشرے کو اس سمت میں نہ لے جائیں، عمران خان کا کوئی مقصود چپڑاسی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر کی ملازمہ ہر ہفتے خصوصی ہیلی کاپٹر پر لاہور جاتی تھیں جب یہ مری چلے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہر جگہ ناکام ہو رہی ہے، ان کا بیانیہ تھا کہ مجھے کیوں نکالا، پھر مسلم لیگ (ن) چیری بلاسم لگانے لگی، اب ان کے پاس کیا رہ گیا ہے، یہ فلاپ ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ خاتون اول غیر سیاسی شخصیت ہیں، ان کے خلاف باتیں کرنا نامناسب ہے، ہمیں اپنی حدود میں رہنا چاہئے، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور ان کے بچے کھچے پیروکاروں کو کسی کی نجی زندگی پر تنقید سے گریز کرنا چاہئے، خاتون اول نے کبھی سرکاری وسائل استعمال نہیں کئے، خاتون اول نے خود کو سیاسی معاملات سے الگ کر رکھا ہے، ہم نے کبھی غیر سیاسی خواتین پر سوال نہیں اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو گرانے کیلئے غیر ملکی فنڈنگ استعمال کی جا رہی ہے، (ن) لیگ اوچھی حرکتوں سے باز نہ آئی تو قانونی اور سیاسی محاسبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نالائقوں کا ٹولہ ہے، خاتون اول پر کیچڑ اچھالنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ بعد ازاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف ”ابسولوٹلی ناٹ” کہنے پر سازشیں کی جا رہی ہیں، عوام اپنی فوج سے محبت کرتے ہیں۔

Recent Posts

آئی سی سی نے ٹی20 اور ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی ، بابر اعظم کاراج برقرار

دبئی(قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 اور ون ڈے کی نئی رینکنگ…

8 mins ago

ہر قسم کی دہشتگردی جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم

فیصل آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہر قسم کی دہشت…

10 mins ago

جو اندیشے تھے دور ہوگئے ، پاکستان میں مہنگائی کم ہونا شروع ہو گئی، مصدق ملک کا بیان

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان آگے بڑھ…

15 mins ago

شادی کے سوال پر بلاول بھٹو کا دلچسپ جواب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شادی…

19 mins ago

ژوب:ایف سی کی چوکی پر حملہ ناکام، سیکیورٹی اہلکار شہید ، 2دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (قدرت روزنامہ)بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی…

23 mins ago

صدر نےعالمی چیمپئن شاہ زیب رند کو10 کروڑ روپے کا چیک دیدیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے مکسڈ مارشل آرٹس…

31 mins ago