اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے امریکا کے کہنے پر سی پیک بند کر دیا اور کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا . نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ کا تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کے نمبرز پورے ہیں، شیخ رشید کو 4 سال بعد یقین ہوا کہ عمران خان کی حکومت نہیں رہے گی .
ایک سوال کے جواب میں حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن شیخ رشید کی بات کو دیکھ کر فیصلے نہیں کرتی، الیکشن
کب ہوں گے یہ فیصلہ ہم نے کرنا ہیں، عمران خان اور شیخ رشید کو رخصت کریں گے . ان کا کہنا تھا کہ اصلاحات بھی ہوں گی اور الیکشن بھی ہو گا، متحدہ اپوزیشن اوورسیز کو ووٹ دینے اور ریفارمز کے حق میں ہے لیکن مشاورت کے ساتھ، اپوزیشن کی رائے کو بلڈوز کرکے انتخابی اصلاحات کیسے ممکن ہیں؟ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے بھی 37 آئینی اور قانونی سوالات اٹھائے، نئی حکومت آئے گی اور انتخابی اصلاحات ضرور کرے گی . عمران خان کی جانب سے خط سے متعلق سوال پر حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ عالمی قوتیں کون ہیں، امریکا اور یورپ، آپ نے ان کی غلامی اور بندگی کی، آپ نے امریکا کے کہنے پر کشمیر بیچ دیا اور بھارت کے حوالے کر دیا . حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے امریکا کے کہنے پر سی پیک بند کر دیا اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا، پہلے آپ یہ ثابت کریں کہ عالمی سازش کیسے ہے، آپ تو ان کے غلام ہیں .
. .