(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ کا کہنا ہے کہ چوہدری مونس الہٰی نوجوان ہے جس نے غلطی کی ہے، بزرگوں سے مشورہ لینا ضروری ہے، ق لیگ سے رابطے میں ہیں ان کے 5 میں سے 3 بندے ہمیں ووٹ دیں گے .
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے حکمت اور سیاسی سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کیا ہے، انہوں نے کسی وزارت کی نہیں سندھ اور کراچی کے عوام کی بھلائی کی بات کی .
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، اسلم بھوتانی، زین بگٹی، علی نواز شاہ اور 4 بی اے پی کے ممبران شامل تھے تو وزیراعظم کی حکومت قائم تھی .
ان کا کہنا تھا کہ کہیں عثمان بزدار کا استعفیٰ بھی خط کی طرح ہی نہ ہو، عثمان بزدار کے استعفیٰ کی چوہدری صاحب کو کلر فوٹو کاپی مہیا کرنی چاہیے .
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ تکبر کا بت پاش پاش ہوچکا ہے، جو تکبر سے کہتا تھا فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، اب کہتا پھرے گا کہ مجھے چھوڑ دو، اس کا مسلط ہونا سیاسی سانحہ تھا، یہ سب ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا .
رانا ثنا اللّٰہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایوان صدر میں مقیم صدر کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے، صدر کو اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانا چاہیے اور اعتماد کے ووٹ لینے کا کہنا چاہیے .
لیگی رہنما نے کہا کہ آج صبح سے شیخ رشید صاحب نظر نہیں آرہے، اب شیخ رشید صاحب وزیر اعظم کو مشورہ دیں کہ اعتماد کا ووٹ لیں یا استعفیٰ دیں .
. .