زلفی بخاری نے مریم نواز کو ’بے خبر‘ قرار دے دیا
(قدرت روزنامہ)سابق وزیر برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری کی جانب سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر، مریم نواز کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اُنہیں سیاسی اور زمینی حقائق سے بے خبر قرار دیا گیا ہے۔
زلفی بخاری کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں مریم نواز عمران خان کے 27 مارچ کو کیے گئے ڈی چوک پر جلسے سے متعلق بات کر رہی ہیں۔
مریم نواز کا اس ویڈیو میں عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’اور وہ بیچارہ کیا کرتا، خالی کاغذ جیب سے نکالا اور عوام کو دکھایا کہ یہ ثبوت ہے، بھئی کس کو بیوقوف بنا رہے ہو، جو غیر ملکی طاقتیں ہوتی ہیں وہ کیا لکھ کر دھمکیاں دیتی ہیں۔‘
مریم نواز کی یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے زلفی بخاری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’یہ الفاظ یاد رکھیں، اگر مریم نواز سیاست کے بارے میں کچھ جانتی ہوتیں تو وہ اس طرح بات نہیں کرتیں، حقیقت میں اگر مریم نواز کسی بھی چیز سے متعلق معلومات رکھتی ہوتیں تو ایسا بیان نہ دیتیں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار، 27 مارچ کو ڈی چوک پر جلسے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جیب سے ایک خط نکال کر لہرایا تھا جس سے متعلق اُن کا کہنا تھا کہ یہ دھمکی آمیز خط اُنہیں موصول ہوا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ خط اُن کے خلاف عالمی سازش کی ایک شاخ ہے، اس خط میں دھمکیوں سمیت یہ بھی درج ہے کہ تحریک عدم اعتماد ہر صورت کامیاب ہونی چاہیے، اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب نہیں ہوتی ہے تو یہ اچھا نہیں ہوگا۔