اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم کا قوم سے براہ راست خطاب کرنے کا فیصلہ، ریکارڈڈ خطاب نشر کرنے کا پلان منسوخ کر دیا گیا، سرکاری ٹی وی کی ٹیم کو ہدایات دے دی گئیں . تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا قوم سے خطاب تاخیر کا شکار ہو گیا ہے .
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا خطاب ریکارڈ کر کے جمعرات کی شام سوا 7 بجے قومی میڈیا پر نشر کیا جانا تھا، تاہم وزیر اعظم نے اب قوم سے براہ راست خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم ہاوس میں موجود سرکاری ٹی وی کی ٹیم کو ہدایات بھی کر دی گئی ہیں .
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان رات 8 بجے قوم سے براہ راست خطاب کریں گے . اس سے قبل جمعرات کے روز اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان آج رات قوم سے خطاب کریں گے .
جبکہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت خطاب کر سکتے ہیں . گذشتہ روز بھی وزیراعظم نے عوام سے خطاب کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعدازاں اُن کے خطاب کو موخر کر دیا گیا تھا .
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان بدھ کی شام قوم سے خطاب کریں گے تاہم بدھ کی شام کو فیصل جاوید خان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب مؤخر کردیا گیا . جبکہ دوسری جانب جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر نے کمیٹی کو خط پر بریفنگ دی، قومی سلامتی کمیٹی کا خط پر اظہارتشویش کیا .
حکومت نے خط کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا . اعلامیہ میں کہا گیا کہ کمیٹی نے قراردیا کہ پاکستانی سفیر سے غیرملکی حکام کی گفتگو ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، پاکستان متعلقہ ملک سے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرائے گا،جواب سفارتی اداب کو مدنظر رکھ کردیا جائیگا، پاکستانی سفیر سے غیرملکی حکام کی گفتگو اندرونی معاملات میں مداخلت ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل برداشت ہے . قومی کمیٹی نے غیرملکی سفارتکار کی جانب سے استعمال کی گئی زبان پر تشویش کا اظہار کیا . قومی سلامتی کمیٹی نے30 مارچ کی خصوصی کابینہ اجلاس کی توثیق کی .