لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کے کپتان اور شاندار بلے باز بابر اعظم نے جمعرات کو ایک بار پھر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرایا جب وہ اپنی 15ویں ون ڈے سنچری مکمل کرنے والے دنیا کے تیز ترین بلے باز بن گئے . بابر نے لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے کے دوران سنچری بنا کر 15 ون ڈے سنچریاں بنانے والے سب سے کم اننگز میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا .
27 سالہ کرکٹر نے یہ سنگ میل اپنے ون ڈے کیریئر کی 83 ویں اننگز میں حاصل کیا . آملہ نے 86 اننگز میں 15 سنچریاں سکور کی تھیں . کوئی اور بلے باز 100 سے کم اننگز میں 15 سنچریاں نہیں بنا سکا . ویرات کوہلی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں اور انہوں نے 106 اننگز کھیل کر 15 ون ڈے سنچریاں مکمل کیں .
شیکھر دھون اور ڈیوڈ وارنر نے 15،15 سنچریاں 108،108 اننگز میں مکمل کی تھیں .
اس سے قبل تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میں بابر 4000 ون ڈے رنز مکمل کرنے والے تیز ترین ایشین بلے باز بن گئے تھے، وہ ہاشم آملہ کے ون ڈے میں تیز ترین 4000 رنز بنانے کے ریکارڈ کو برابر کرنے میں صرف ایک اننگز سے پیچھے تھے . بابر نے اس سے قبل 81 ویں اننگز میں اپنی 14 ویں سنچری اور 76 ویں اننگز میں 13 ویں سنچری بنائی تھی جو دونوں ہی متعلقہ ترتیب نمبر کے لیے تیز ترین تھیں .
. .