متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا

ابوظہبی (قدرت روزنامہ) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، امارات میں ماہ مبارک 1443 ھجری کا آغاز 2 اپریل بروز ہفتہ سے ہو گا . تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کا انتظار ختم ہوا، ماہ مبارک کے آغاز کا وقت آن پہنچا ہے .

دنیا کے کئی ممالک نے رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے سرکاری اعلانات کر دیے ہیں .
خلیجی ملک متحدہ عرب امارات میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا . خلیجی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جمعہ کی شام کو نماز مغرب کے بعد رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا عمل شروع ہوا . بعد ازاں امارات میں چاند نظر آنے کے بعد ملک میں ماہ مبارک 1443 ھجری کا آغاز 2 اپریل بروز ہفتہ سے ہونے کا اعلان کر دیا گیا .

یوں امارات میں 29 ایام کے بعد ماہ شعبان کا اختتام ہو گیا، پہلا روزہ کل ہو گا .

اس سے قبل سعودی عرب میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا .

حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب میں بھی یکم رمضان 1443 ھجری 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی، عرب ملک مصر میں بھی ماہ مبارک کا چاند نظر آگیا . اس سے قبل آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں رمضان المبارک 1443 ھجری کا چاند نظر آیا .

آسٹریلیا کی امام کونسل نے ملک میں پہلا روزہ 2 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے کا اعلان کیا . جبکہ ملائیشیا، انڈونیشیا، برونائی دارالاسلام کی حکومتوں نے رمضان المبارک کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں چاند نظر نہ آنے کے بعد پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہو گا . دوسری جانب پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروزہ ہفتہ کو ہو گا .
محکمہ موسمیات نے ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی ہے . رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3اپریل کو ہو گا . انہوں نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن گیارہ بجکر 24منٹ پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی .
ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا . ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا .

. .

متعلقہ خبریں