اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قانونی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی کے منحرف اور اپوزیشن ارکان کے خلاف غداری کے مقدمات بنانے پر غور کیا گیا . ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ منحرف اور اپوزیشن ارکان کے خلاف ثبوت موجود ہیں، حکومت گرانے کیلئے اپوزیشن نے غیرملکی معاونت حاصل کی حکومت گرانے کیلئے غیرملکی معاونت حاصل کرنا غداری کے ز مرے میں آتا ہے اس لئے ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی ہو نی چاہیے .
پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی اسمبلی کو وضاحت کیلئے دیا گیا وقت
ختم ہوگیا جس کے بعد ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے . وزیراعظم نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات نامعقول قرار دیتے ہوئے مسترد کردئیے . وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے . ذرائع کے مسابق مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز تیار کرنے پر مشاورت کی گئی . ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے پاکستان تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے(ون) کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جارہے ہیں . مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم و چیئرمین نے بے ضمیر اراکین کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں، دستور اراکین پارلیمان پر صداقت و امانت کی بنیادی شرط عائد کرتا ہے، مشیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے . ضمیر فروشی اور ہارس ٹریڈنگ جیسے سنگین دستوری جرم کے مرتکب اراکین صادق و امین بھی نہیں رہے . وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کرلئے ہیں . منحرف اراکین کیخلاف قانونی کارروائی کے تحت ریفرنسز جلد سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیے جائیں گے .
. .