حکومت نے ایک ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے
لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت نے ایک ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے، پہلی مرتبہ ایک ماہ کے دوران تقریباً 600 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کر لیا گیا، مالی سال کے اختتام پر کل ٹیکس 6 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر جانے کا امکان . تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس اکٹھا کرنے کا 9 ماہ کا ہدف حاصل کر لیا .
ایف بی آر کے مطابق جولائی سے مارچ تک 4382 کا ٹیکس جمع کیا گیا . ایف بی آر کا بتانا ہے کہ ٹیکس وصولی ہدف سے 247 ارب روپے زیادہ ہے . مارچ کے ماہ میں 575 ارب روپے سے زائد کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا . دوسری جانب مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ مارچ-2022 میں پاکستان کی برآمدات مارچ-2021 کے 2.365 ارب ڈالر کے مقابلے میں 17.3 فیصد بڑھ کر 2.773 ارب ڈالر ہو گئیں .
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جولائی تا مارچ 2022 میں ہماری برآمدات 25 فیصد اضافہ سے 23.332 ارب ڈالر ہوگئیں، جولائی تا مارچ 2021 میں برآمدات 18.688 ارب ڈالر تھیں،یہ 4.644 ارب ڈالر کا اضافہ ہے . انہوں نے کہاکہ ہماری برآمدات ہمارے اہداف کے مطابق ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ ہم اپنے سالانہ ہدف کو حاصل کرلیں گے، پی بی ایس کی طرف سے حتمی شکل دینے پر درآمدی اعداد و شمار کا اشتراک کیا جائے گا،ہم اپنے برآمد کنندگان کو عالمی منڈی میں مشکل حالات میں بھی برآمدات میں اضافہ برقرار رکھنے پر مبارکباد دیتے ہیں .
. .