اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو ابھی بھی مشورہ ہے تاخیری حربے نہ آزمائیں . انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عمران خان کو شکست ہو چکی .
شہباز شریف نے حکومت کو مشورہ دیا کہ تاخیری حربے نہ آزمائیں . حکومت کی جانب سے غداری کے مقدمے درج کیے جانے کے اعلان پر شہباز شریف نے کہا کہ جتنے مرضی بلند بانگ نعرے لگائیں، آپ نے اپنے کیے کیسز کا انجام دیکھ لیا . ان کا کہنا تھا کہ غداری کا سرٹیفیکیٹ دینے والوں کو مشورہ ہے کہ ہوش کے ناخن لیں . خیال رہے کہ حکومت نے متحدہ اپوزیشن کے قائدین اورپاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان پرغداری کے مقدمات قائم کرنے پر مشاورت شروع کردی .
ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن پر بیرون ملک فنڈنگ کے ذریعے حکومت گرانے کا الزام لگایا ہے . حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن قائدین اورمنحرف پی ٹی آئی ارکان پرغداری کے مقدمات قائم کرنے پرمشاورت شروع کر دی گئی . حکومتی ذرائع کے مطابق اپوزیشن قائدین اور منحرف پی ٹی آئی ارکان پر غداری کے مقدمات قائم کیے جا سکتے ہیں اور مقدمات قائم ہوتے ہی اپوزیشن قائدین اور منحرف ارکان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے .
حکومتی ذرائع کے مطابق آصف زرداری، فضل الرحمان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو غداری کے مقدمے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے . ذرائع کے مطابق حکومتی قانونی ٹیم نے غداری کے مقدمات قائم کرنے کی مخالفت کی اور حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ حکومت ایسے کسی اقدام سے گریز کرے . ذرائع کے مطابق ایک رکن نے وزیراعظم سے کہا ایبسلوٹلی ناٹ . خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزرا کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کو عالمی سازش کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے .