انتظار کی گھڑیا ں ختم، وزیر اعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ کی تیاریاں مکمل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ آج ہو گی . قومی اسمبلی کا اجلاس دن ساڑھے گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہو گا .

جس میں اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ تحریک عدم اعتماد پر کارروائی ہو گی . عدم اعتماد کی قرار داد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پیش کر رکھی ہے جس پر 152 اراکین کے دستخط ہیں اس قرار داد کی منظوری کے لئے اپوزیشن کو 172 اراکین پورے کرنے ہیں جبکہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ اسے 176 اراکین کی حمایت

حاصل ہے اور اس میں 22 منحرف اراکین شامل نہیں ہیں . ووٹنگ ڈویژن کے ذریعے ہو گی اور اس میں صرف اپوزیشن اراکین ہی ووٹ ڈالیں گے . اپوزیشن اراکین کی سائیڈ پر لابی کے باہر ایک رجسٹرڈ رکھا ہو گا جس پر رکن قومی اسمبلی اپنا ووٹ 'حلقہ نمبر درج کرائے گا اور دستخط کرے گا . ووٹ کے لئے قومی اسمبلی کا کارڈ یا شناختی کارڈ ضروری ہو گا . اس طرح جب تمام اپوزیشن اراکین ووٹ ڈال لیں گے تو رجسٹرڈ پر درج تمام ووٹوں کی سیکرٹری قومی اسمبلی اور ان کا عملہ گنتی کرے گا اور اسپیکر کو نتیجے سے آگاہ کر دے گا . اسپیکر نتیجے کا اعلان کرے گا . وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر کارروائی آئین کے آرٹیکل 95 اور قومی اسمبلی کے قاعدہ 37 کے تحت ہو گی . 172 اراکین پورے ہونے کی صورت میں سپیکر وزیر اعظم عمران خان سے متعلق ایوان کو آگاہ کرے گا کہ وہ ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں لہذا وزیر اعظم نہیں رہے سپیکر فوری طور پر اس نتیجے پر صدر مملکت کو آگاہ کریں گے اور صدر مملکت اپوزیشن کو کہیں گے کہ وہ اکثریت ظاہر کرے اور اپنا وزیر اعظم کا امیدوار نامزد کرے . اپوزیشن پہلے ہی شہباز شریف کو نامزد کر چکی ہے منحرف اراکین کے ووٹ ڈالنے اور ووٹوں کی گنتی کرنے سے متعلق فیصلہ سپیکر کریں گے اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں رینجرز اور ایف سی ریڈ زون میں تعینات ہیں .

. .

متعلقہ خبریں