لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور پنجاب کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن 500 بندے بھی لے آئے کامیابی ہماری ہی ہوگی . تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی پہنچنے پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حذب اختلاف 500 بندے بھی لے آئے تو کامیابی ہماری ہی ہو گی ، اپوزیشن کو کچھ پتہ ہی نہیں ہے لیکن پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کا نتیجہ خود بولے گا، اس کے بعد تبصرے ہوں گے .
دوسری طرف چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے مشن میں مونس الٰہی کی ایک اور کامیابی ملی ہے اور وفاقی وزیر نے علیم خان گروپ کے مزید 3 ارکان توڑ لیے ، جس کے بعد علیم خان گروپ میں شامل ارکان پنجاب اسمبلی اشرف رند ، عون ڈوگر اور علمدار قریشی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے چوہدری پرویزالٰہی کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا .
ادھر وفاقی حکومت کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کردیا گیا ، حکومت نے آج صبح ہی چوہدری سرور کو گورنر پنجاب کے عہدے سے برطرف کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماؤں میں شامل عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کیا گیا ہے ، اس نئی تعیناتی کے بارے میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں کیا اور بتایا کہ عمر سرفراز چیمہ کو نیا گورنر پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے .
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے برطرف کردیا ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے تاہم انہوں نے چوہدری سرورکی برطرفی کی وجوہات نہیں بتائیں .
انہوں نے کہا کہ نئے گورنر پنجاب کا اعلان بعد میں کیا جائے گا تاہم آئین کے مطابق ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری قائم مقام گورنر ہوں گے جوکہ چوہدری پرویزالہی کے وزارت اعلی کے امیدوار بننے کے بعد پنجا ب اسمبلی کے سپیکر کے فرائض بھی انجام دے رہے ہیں.
. .