اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) آج کے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کو سپریم کورٹ میں چيلنج کرے گی . ن لیگ نے اراکين اسمبلی سے دستخط لے کر اسلام آباد درخواست بھجوادی .
میڈیا سے بات چیت کے دوران اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپيکر نے ڈھٹائی کے ساتھ اجلاس ملتوی کیا ،آج آئین کو ذبح اور قانون کو ملياميٹ کردیا گیا ہے . حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ منصوبہ بندی کے تحت خواتين سے ہم پر حملہ کروايا گيا، ڈپٹی اسپيکر نے اسی دوران اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرديا . انہوں نے کہا کہ سابق
گورنر چوہدری سرور نے کہا آئين کے خلاف اقدام کا کہا گيا، عمران خان سفارتی تعلقات کو لے کردشمنی کررہے ہيں . دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان سمیت تشدد کا سہارا لینے والے پی ٹی آئی ارکان کو گرفتار کیا جائے . مریم نواز نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنی کرسی کو بچانے کی خاطر آئینِ پاکستان کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جانی چاہیے . اس جرم پر اگر اس پاگل اور جنونی شخص کو سزا نا دی گئی تو آج کے بعد اس ملک میں جنگل کا قانون چلے گا! . مریم نواز نے کہا کہ ان میں سے کسی کو نہیں بخشا جائیگا، عمران خان جو کچھ آج کررہے ہیں، وہ ان کے خلاف چارج شیٹ ہے اور اس کی فہرست طویل تر ہوتی جا رہی ہے . انہوں نے کہاکہ عمران خان اپنے اور اپنے لوگوں کے لیے دکھ، تکلیف کا بندوبست کر رہے ہیں، وہ جو کچھ آج کہہ رہے ہیں، انہیں اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی، پھر نہ کہنا بتایا نہیں . واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اسمبلیاں توڑنے کی صدر کو تجویز دے دی، نئے الیکشن کرانے کا عندیہ دے دیا . وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ میں اپنی قوم کو کہتا ہوں کہ الیکشن کی تیاری کریں . آپ نے فیصلہ کرنا ہے اس ملک کا کسی باہر کے ملک نے فیصلہ نہیں کرنا ہے . وزیراعظم نے صدر کو اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس بھیج دی ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے قوم سے کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ہے، قوم انتخابات کی تیاری کرے، جنہوں نے پیسے لئے ہیں وہ لنگر خانے میں دے دیں . ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد آئین سے منافی قرار دیتے ہوئے رد کر دی . ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا ہے .
. .