اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سب سے پہلے اسمبلی توڑنے کا غیر آئینی عمل ختم ہو اور اسمبلی بحال کی جائے، اس کے بعد انتخابات کی طرف جائیں گے . میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اگر یہ نہ ہوا تو آپ کسی سول ڈکٹیٹر کو نکال نہیں سکیں گے .
انہوںنے کہاکہ تین اپریل کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ روز کے طور پر یاد کیا جائیگا، عمران خان اور ان کے حواریوں نے قابل مذمت قدم اٹھایا،اقتدار بچانے کے لیے آئین سے کھلواڑ کی،مرکز میں بھی پنجاب میں بھی .
انہوںنے کہاکہ (مبینہ دھمکی آمیز پیغام ) خط کا ڈرامہ رچا رہے ہیں،وقت آگیا ہے کہ خط عدالت عظمیٰ میں پیش کریں . انہوںنے کہاکہ عدم اعتماد کا تعلق عمران خان کی نالائقی اور لاقانونیت سے ہے،عمران خان نے اداروں کو ذاتی سیاست اور انتقام کے لیے استعمال کیا . انہوںنے کہاکہ سفیر اسد کو عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے . انھوں نے زور دیا کہ ہر بات کا فیصلہ الیکشن سے پہلے ہوگا . عمران خان اور عارف علوی قوم کے مجرم ہیں .
. .